نائیجیریا: مسلح افراد کا حملہ، 45 سکیورٹی اہلکار ہلاک

بوکوحرام کے جنگجوؤں پر شبہ، حملہ آور ٹینک اور متعدد گاڑیاں ساتھ لے گئے
ابوجا، 28 مئی (سیاست ڈاٹ کام) نائیجیریا میں مسلح افراد نے حملہ کر کے کم ازکم 45 سکیورٹی ملازمین کو ہلاک کردیا اور باور کیا جارہا ہے کہ یہ حملہ آور بوکو حرام کے جنگجو تھے۔ ریاست یوبے کے علاقے بنی یدی میں یہ ٹرکوں اور موٹر سائیکلوں پر سوار سینکڑوں مسلح افراد نے یہ حملہ کیا۔ نائیجیریا کی جوائنٹ ٹاسک فورس کے ذرائع نے بیرونی میڈیا کو بتایا کہ مرنے والوں میں 24 فوجی اور 21 پولیس والے شامل ہیں۔ نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر ذرائع نے کہا کہ حملہ آور جاتے ہوئے ایک ٹینک اور

متعدد گاڑیاں بھی ساتھ لے گئے۔ اس واقعے میں شہری ہلاکتوں سے متعلق کوئی بیان سامنے نہیں آیا۔ ادھر شمال مشرقی نائیجیریا سے ایسی اطلاعات بھی موصول ہو رہی ہیں کہ شدت پسندوں نے ریاست بورنو میں مرکزی شاہراہ پر سفر کرنے والوں پر بھی حملے کئے ہیں۔ شدت پسند تنظیم بوکو حرام کا گڑھ شمالی نائیجیریا میں ہے۔ شاہراہ پر سفر کرنے والوں نے کہا کہ درختوں میں چھپے ہوئے نشانہ باز پہلے گاڑیوں کو نشانہ بناتے ہیں جس کے بعد سڑک کے کنارے چھپے مسلح افراد ان پر حملہ کر دیتے ہیں۔ صدر گڈلک جوناتھن کی طرف سے کارروائیوں کے وعدوں کے باوجود سکیورٹی فورسز بوکو حرام کی طرف سے بڑھتی ہوئی پرتشدد کارروائیوں کو روکنے میں ناکام رہی ہیں۔

افغانستان پر امریکہ قابض:طالبان
کابل ۔ 28 ۔ مئی (سیاست ڈاٹ کام) طالبان نے صدر امریکہ بارک اوباما کے اس اعلان کی مذمت کی کہ امریکی فوج 2016 کے ختم تک افغانستان میں موجود رہے گی۔ طالبان نے کہا کہ اوباما یہ اعلان افغانستان پر قابض رہنے کے مترادف ہے اور اسے ملک کی سالمیت ، مذہبی اور انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہورہی ہے۔ طالبان نے ایک بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ ہم یہ موقف پہلے بھی واضح کرچکے ہیں کہ افغانستان کی سرزمین پر ایک بھی امریکی سپاہی ہمارے لئے ناقابل قبول ہے اور ہم ان کے خلاف جہاد کرتے رہیں گے۔