نائیجیریا: طالبات کی بازیابی کیلئے بوکو حرام سے بات چیت

ابوجا، 14 مئی (سیاست ڈاٹ کام) نائیجیریا کی حکومت نے دوسو سے زیادہ طالبات کو یرغمال بنانے والے جنگجو گروپ بوکو حرام کے ساتھ ان کی بازیابی کیلئے منگل کو مذاکرات کے آغاز کی اطلاع دی۔ نائیجیریا کے خصوصی ذمے داریوں کے وزیر تینیمو طراقی نے صحافیوں کو بتایا ہے کہ ’’مذاکرات کی کھڑکی ابھی کھلی ہوئی ہے۔حکومت نے بوکو حرام کے ساتھ مذاکرات کیلئے ایک کمیٹی قائم کر دی ہے اور وہ طالبات کی بازیابی کیلئے بات چیت کے عمل کو آگے بڑھائے گی‘‘۔ طراقی ہی کو اس مذاکراتی کمیٹی کا سربراہ مقرر کیا گیا ہے۔ بوکو حرام نے گزشتہ روز یرغمال بنائی گئی

اسکول کی دوسو سے زیادہ طالبات کی ایک ویڈیو جاری کی تھی اور جیلوں میں قید یا حکام کے زیر حراست اپنے جنگجوؤں کے بدلے میں انھیں رہا کرنے کی پیشکش کی تھی۔نائیجیریائی حکومت نے اس کے ردعمل میں کہا تھا کہ وہ بوکو حرام کی پیشکش کے جواب میں طالبات کی بازیابی کیلئے تمام امکانات پر غور کررہی ہے۔ بوکو حرام کے مسلح جنگجوؤں نے 14 اپریل کو شمال مشرقی ریاست بورنو کے ایک گاؤں شیبوک کے ایک سکینڈری اسکول سے 276 طالبات کو اغوا کر لیا تھا۔اس وقت وہ امتحان دے رہی تھیں۔تاہم ان میں سے قریباً پچاس طالبات ان کے چنگل سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئی تھیں۔