نائیجیریا: خود کش کار بم دھماکوں میں 15 ہلاک

نائیجر ، 2 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) نائیجیریا میں خودکش بم دھماکوں میں کم ازکم 15 افراد ہلاک اور متعدد دیگر زخمی ہوگئے۔ حکام کے مطابق شمالی شہر میدوگوری میں منگل کو بارودی مواد سے بھری چار گاڑیوں میں دھماکوں سے تباہی پھیلائی گئی۔ ان میں سے دو کاروں پر سوار ڈرائیوروں نے گاڑیاں فوج کی بڑی چیک پوسٹ سے ٹکرائیں۔

سکیورٹی فورسز نے دیگر دو حملہ آوروں کو دھماکے سے قبل ہی گولیاں مار کر ہلاک کردیا۔ زخمیوں میں پانچ فوجی بھی شامل ہیں۔ بورنو ریاست کی پولیس کے سربراہ نے کہا کہ بظاہر یہ بم حملے مذہبی عسکریت پسند تنظیم بوکوحرام کی کارروائی معلوم ہوتے ہیں۔ اس تنظیم پر ماضی میں بھی دہشت گردانہ حملوں کی ذمہ داری عائد کی جاتی رہی ہے۔ 2009ء سے بوکو حرام نائیجیریا میں سخت گیر اسلامی مملکت کے قیام کیلئے مسلح کارروائیاں کرتی رہی ہے۔ پیر کو انسانی حقوق کی ایک موقر بین الاقوامی تنظیم ایمنسٹی انٹرنیشنل نے کہا تھا کہ رواں سال بوکوحرام کی طرف سے کی گئی پرتشدد کارروائیوں میں 1500 افراد مارے جا چکے ہیں۔