نائیجیریا: اسکول پر مسلح افراد کا حملہ، 59 طلباء قتل

دماتورو۔ 26 فبروری ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) نائیجیریا میں مسلح افراد نے اسکول پر حملہ کرکے 59 طلباء کو قتل کر دیا ۔ نائیجیریا کے سکیورٹی حکام نے بتایا ہے کہ شدت پسند گروپ بوکو حرام نے شمال مشرقی ریاست یوب میں واقع ایک اسکول پر اچانک حملہ کر دیا جب وہاں طلبہ کی کلاسیں جاری تھیں حملے کے دوران پہلے اسکول کے چاروں اطراف سے اندھا دھند فائرنگ کی گئی اس کے بعد اسکول کو آگ لگا دی گئی جس کے نتیجے میں سینکڑوں طلبہ جھلس گئے۔ سکیورٹی حکام نے تصدیق کی ہیکہ امدادی کارروائیوں کے دوران 59 طلباء کی لاشیں ملی ہیں جبکہ متعدد زخمی حالت میں پڑے ہوئے ملے جنہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کردیا گیا ہے ان میں بعض زخمیوں کی حالت نازک بتائی جاتی ہے جس کی وجہ سے ہلاکتوں میں اضافہ کا خدشہ ظاہر کیا گیا۔

اسرائیل کے فضائی حملے، چار حزب اللہ کارکن ہلاک
یروشلم ۔ 26 ۔ فروری (سیاست ڈاٹ کام) اسرائیل نے لبنان ۔ شام سرحد کے قریب فضائی حملے کئے جس میں حزب اللہ کے 4 کارکن ہلاک ہوگئے اور ہتھیاروں کا ذخیرہ تباہ ہوگیا ۔ میڈیا کی اطلاعات میں بتایا گیا ہے کہ اسرائیل نے دو ٹرکس کو نشانہ بنایا جن میں سے ایک میں میزائیل اور دوسرے ٹرک میں میزائیل لانچر تھے اور انہیں لبنان میں حزب اللہ کے ٹھکانوں کو منتقل کیا جارہا تھا۔ حزب اللہ نے فضائی حملے کی توثیق کی اور کہا کہ اس جارحیت کا موزوں وقت پر موثر جواب دیا جائے گا۔