نیامے۔ 22؍فروری (سیاست ڈاٹ کام)۔ بوکوحرم نے جنوب مشرقی نائیجر کے دیہات پر فوج کے ساتھ جھڑپوں کے بعد حملہ کیا جس میں کم از کم 21 افراد ہلاک ہوگئے۔ بیشتر افراد بوکوحرم کے جنگجو تھے۔ نائیجر کے 7 فوجی ہلاک ہوئے اور دیگر 2 زخمی ہوگئے۔ یہ واقعہ جھیل چاڈ کے قریب پیش آیا۔ کروگا میں بھی جو نائیجر، نائیجیریا اور چاڈ کی مشترکہ سرحد ہے، جھڑپ ہوئی۔ چاڈ کی فوج کے بموجب بوکوحرم کے ارکان نے جھیل چاڈ پار کرکے چاڈ کے علاقہ میں داخلہ حاصل کرلیا، لیکن چاڈ کے طیاروں نے ان کی پانچ کشتیاں تباہ کردیں۔ لاگوس سے موصولہ اطلاع کے بموجب نائیجیریا کی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے بوکوحرم سے قصبہ باگا دوبارہ چھین لیا ہے۔ یہاں پر چھ سالہ شورش پسندی میں بدترین قتل عام ہوچکا ہے۔ محکمہ دفاع کے ترجمان کرس اولوکولیڈ نے دعویٰ کیا کہ دہشت گردوں کی کثیر تعداد جھیل چاڈ میں غرق ہوگئی جب کہ وہ بمباری سے بچنے جھیل کے راستے فرار ہورہے تھے۔