لاگوس 13 مارچ ( سیاست ڈاٹ کام ) نائیجریا کے صدر نے پٹرولیم کی فروخت سے ہونے والی آمدنی میں سے جملہ 20 ملین پاونڈ کی خطیر رقم لاپتہ ہوجانے کی تحقیقات اور آڈیٹنگ کا حکم دیا ہے ۔ صدر گڈلک جوناتھن نے آج ان تحقیقات کا اعلان کیا ہے ۔ کئی دن سے ملک کے عوام کی اکثریت اس رقم کے لاپتہ ہوجانے پر برہمی کا اظہار کر رہی تھی ۔ اس معاملہ میں سابق میں بھی تحقیقات کی گئی تھیں جن میں پتہ چلا کہ عوامی رقومات لاپتہ ہوگئی ہیں تاہم اس کیلئے کسی کو بھی ذمہ دار قرار نہیں دیا گیا تھا اور نہ ہی کسی گوشے سے رقم برآمد کی گئی تھی ۔ جوناتھن نے معزول سنٹرل بینک گورنر لمیڈو سنوسی کے اس الزام کی تردید کی ہے کہ یہ رقم 2015 کے صدارتی انتخابات لڑنے کیلئے غائب کردی گئی ہے ۔ جوناتھن کے دفتر سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ گذشتہ مہینے سانوسی کی معطلی کے احکام کا رقومات کے لاپتہ ہونے پر الزامات سے کوئی تعلق نہیں ہے ۔