کانو 29 مئی ( سیاست ڈاٹ کام ) نائیجیریا کی شمال مشرقی بورنو ریاست میں بوکو حرم کے بندوق برداروں نے اپنے حملوں کے ذریعہ 35 افراد کو ہلاک کردیا ہے ۔ یہ ریاست کیمرون کی سرحد کے قریب ہے ۔ ایک فوجی ذریعہ اور مقامی عوام نے یہ بات بتائی ۔ کہا گیا ہے کہ بوکو حرم کے درجنوں بندوق بردار فوجی یونیفارم میں ملبوس تھے اور انہوں نے پہاڑی علاقوں گوموشی ‘ امودا اور اربوکو پر حملہ کردیا تھا ۔
یہاں انہوں نے شہریوں پر فائرنگ کردی اور کئی گھروں کو نذر آتش کردیا ۔ یہاں انہوں نے اپنے حملے میں پٹرول بم استعمال کئے ۔ ایک فوجی عہدیدار نے ریاستی دارالحکومت مائیڈو گوری میں شناخت ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ بوکو حرم نے تین گاووں پر کل صبح حملہ کیا تھا جس میں 35 افراد ہلاک ہوگئے ۔ 26 ہلاکتیں گوموشی میں ہوئی تھیں۔ انہوں نے بتایا کہ تخریب کاروں نے گھروں پر پٹرول بم پھینکے اور انہیں نذر آتش کرنے کے علاوہ فرار ہونے کی کوشش کرنے والے مقامی عوام پر فائرنگ بھی کردی ۔ انہوں نے بتایا کہ بندوق برداروں نے گوموشی پر صبح چھ بجے حملہ کیا جہاں 26 شہری ہلاک ہوئے ہیں۔ مقامی ذرائع ابلاغ نے تاہم گوموشی میں ہلاکتوں کی تعداد 42 بتائی ہے ۔
عینی شاہدین نے بتایا کہ بندوق برداروں نے گوموشی کے بعد امودا اور اربوکو گاووں پر بھی حملہ کردیا اور یہاں انہوں نے بے شمار مکانات کو نذر آتش کردیا ۔ ان گاووں میں بندوق برداروں نے رات دو بجے اس وقت حملہ کیا جب مقامی عوام محو خواب تھے ۔ یہاں بھی انہوں نے گھروں میں پٹرول بم پھینکے اور گھروں کو نذر آتش کردیا ۔