نائیجریا میں آندھرا پردیش کے مغویہ نوجوان کو رہا کردیا گیا

حیدرآباد 21 ڈسمبر ( پی ٹی آئی ) آندھرا پردیش کے ضلع گنٹور سے تعلق رکھنے والے ایک نوجوان کو گذشتہ مہینے نائیجریا میں اغوا کرلیا گیا تھا جسے آج اغوا کنندگان نے رہا کردیا ۔ 26 سالہ ٹی سرینواس راؤ نائیجیریا کے ٹاؤن بینم میں مقیم تھا اور ایک کمپنی کیلئے کام کر رہا تھا ۔ اسے نومبر میں اغوا کرلیا گیا تھا ۔ آج جاری کردہ ایک بیان میں آندھرا پردیش کے وزیر اطلاعات و امور این آر آئی پی رگھو ناتھ ریڈی نے کہا کہ سرینواس راؤ کو رہا کردیا گیا ہے ۔انہوں نے اس نوجوان کی رہائی پر مرکزی حکومت اور نائیجیریا کی حکومت سے اظہار تشکر کیا ۔