ابوجا، 30جنوری (سیاست ڈاٹ کام) نائیجیریا کے شمال مشرقی ریاست اداماوا کے دیہی علاقوں میں نائجریائی فضائیہ کی جانب سے کئے گئے حملوں میں کم از کم 35افراد ہلاک ہو گئے۔ انسانی حقوق سے متعلق لندن واقع غیر سرکاری تنظیم ایمنسٹی انٹرنیشنل نے آج ایک رپورٹ جاری کرکے اس کی اطلاع دی۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال دسمبر کے مہینے کے دوران کئے گئے حملوں میں 35 افراد کی موت ہوئی ہے ۔رپورٹ کے مطابق دیہی علاقوں میں رہنے والے لوگوں نے بتایا کہ ایک لڑاکا طیارہ سمیت ایئر فورس کے کئی ہیلی کاپٹروں سے ان پر حملے کئے گئے ۔نائیجیریا میں ایمنسٹی کی سربراہ اوسائی اوزیغو نے اپنی رپورٹ میں کہا کہ قانون نافذ کروانے کے لئے فضائی حملے کرنا کوئی دانشمندانہ متبادل نہیں ہے ۔محترمہ اوزیغو نے کہا کہ نائیجیریا فوج کی جانب سے عوام پر اس طرح سے فضائی حملے بہت ہی چونکانے والے ہیں۔ فوج کا کام ملک کے لوگوں کی حفاظت کرنا ہے۔