ابوجا، مئی 7 (سیاست ڈاٹ کام)شمالی نائجیریا کے ایک گاؤں پر ہوئے حملے میں کم از کم 45 افراد ہلاک ہوگئے ۔ ایک پولیس افسر نے آج اس کی اطلاع دی ہے ۔ یہ ملک کے کچھ حصوں میں بڑھتے ہوئے عدم تحفظ کے دوران تشدد کا ایک تازہ واقعہ ہے ۔ابھی تک واضح یہ نہیں ہوسکا ہے کہ اتوار کو شمالی ریاست کڈوونا کے گواسکا گاؤں پر حملہ کیوں کیا گیا تھا۔ کڈوونا کے پولیس کمشنر آسٹن ایوار نے بتایا کہ پہلے 12 نعشیں برآمد کی گئیں اس کے بعد آج 33 نعشیں مزید برآمد کی گئی ہیں۔کڈوونا کے برنن – گواری علاقے میں واقع گواسکا گاؤں میں کئی جنگلات ہیں اور یہ گاؤں ڈاکوؤں کی دہشت کے لئے جانا جاتا ہے ۔ یہ بات قابل ذکر ہے کہ صدر محمد بوہاری نے 2015 میں افریقہ کے سب سے بڑی معیشت اور سب سے زیادہ آبادی والے ملک نائجیریا کو محفوظ بنانے کے وعدے کے ساتھ صدارتی انتخاب جیتا تھا۔ نائجیریا میں 2019 میں ہونے والے انتخابات کے لئے مسٹر بوہاری اپنے وعدوں کو پورا کرنے کی کوشش میں مصروف ہیں۔