کانو 18 فروری (سیاست ڈاٹ کام) اسلامی گروپ بوکو حرام نے اپنے زیرکنٹرول شمال مشرقی نائجیریا میں بڑے پیمانے پر قتل و غارت گری کے ذریعہ تشدد پھیلانے کے بعد اس ملک میں ہونے والے انتخابات کو ناممکن بنادینے کا عہد کیا ہے۔ بوکوحرام کے سربراہ ابوبکر شیخاؤ نے منگل کو رات دیر گئے ٹوئٹر پر جاری کردہ اپنے ایک نئے ویڈیو پیام میں کہاکہ ان کے حامی جنگجو 28 مارچ کو ہونے والے عام انتخابات کے سارے عمل کو درہم برہم کردیں گے۔ شمالی نائجیریا میں بولی جانے والی زبان ہاؤسہ میں شیخاؤ نے کہاکہ ’’ہم اگر زندہ رہیں یا فوت ہوجائیں یہ انتخابات منعقد نہیں ہوں گے۔ اللہ تم کو اس (انتخابات کے انعقاد) کی اجازت نہیں دے گا‘‘۔ شیخاؤ جس نے ہفتہ کے روز شمال مشرقی شہر گومبے میں بڑے پیمانے پر حملے کی ذمہ داری قبول کی ہے۔ اس علاقہ میں ورقئے تقسیم کرتے ہوئے مقامی عوام کو رائے دہی کے خلاف خبردار کیا ہے۔ اسلامی انتہا پسندوں نے یہ دھمکی ایک ایسے وقت دی ہے جب نائجیریا کے انتخابی ادارہ کے سربراہ کو انتخابات کا انعقاد چھ ہفتوں کے لئے موقر کرنے سے متعلق ان کے فیصلہ پر پارلیمنٹ میں سنیٹر کو وضاحت کا سامنا ہے۔