نائجیریا کے اسکول پر بوکوحرام کا حملہ، 43 طلبہ ہلاک

کانو ۔ 25 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) نائجیریا میں مشتبہ بوکوحرام اسلام پسندوں نے آج 43 افراد کو ہلاک کردیا جب انہوں نے گڑبڑ زدہ شمال مشرقی علاقہ کے ایک اسکول پر حملہ کردیا۔ اس وقت ثانوی اسکول کے طلبہ گہری نیند میں تھے۔ طلبہ کے قتل عام کا یہ تازہ ترین واقعہ ہے۔ صوبہ یوب کے علاقہ بونی یادی میں واقع وفاقی سرکاری کالج پر رات میں 2 بجے حملہ کیا گیا۔ اسی اسکول پر گذشتہ سال ستمبر میں بھی ایسا ہی حملہ کیا گیا تھا جس میں 40 طلبہ ہلاک ہوگئے تھے۔ حملہ آوروں نے تازہ ترین حملہ میں بھی طلبہ اور رہائشی عمارتوں پر بم اندازی کی اور کمروں میں گولیوں کی بوچھار کردی۔ کئی طلبہ کو پکڑ کر گلا کاٹ دیا۔

ہاسپٹل کے ذرائع نے کہا کہ ایسا معلوم ہوتا ہیکہ صرف مرد طلبہ کو نشانہ بنایا گیا جبکہ لڑکیوں کو چھوڑ دیا گیا۔ تاحال 23 نعشیں کالج سے ہاسپٹل منتقل کی گئی ہے جو مردہ خانہ میں پڑی ہیں۔ مسلم انتہاء پسندوں کی یہ تنظیم بوکوحرام مغربی تعلیم کو ممنوع قرار دیتی ہے اور ایسے تمام اسکولوں کو حملوں کا نشانہ بنایا جاتا ہے جہاں انگریزی اور مغربی نصاب کے متعلق تعلیم دی جاتی ہے۔ گذشتہ ساڑھے چار سال قبل بوکوحرام کی اسلامی شورش سے صوبہ یوب بری طرح متاثر ہوا ہے، جہاں بوکوحرام کے تشدد میں ہزاروں افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔