نائجیریا کی مسجد میں خاتون خودکش بمبار دھماکہ ، 15 جاں بحق

داماترو ۔ 7 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) شمال مشرقی نائجیریا میں آج دو خاتون خودکش بمباروں نے ایک مسجد اور قریبی واقع ایک دوسرے مقام پر دھماکہ کردیا جس کے نتیجہ میں ان دونوں کے علاوہ دیگر 15 افراد ہلاک ہوگئے۔ تشدد ایک الگ واقعہ میں بوکوحرام کے اسلامی انتہاء پسندوں نے صوبہ یوبے میں ایک دیہی فوجی کیمپ پر حملہ کردیا لیکن فوج نے اس حملہ کو پسپا کردیا اور کم سے کم 1000 تخریب کار مارے گئے۔ فوجی ترجمان کرنل ثانی عثمان نے کہا کہ موضع گونیری میں لڑائی کے دوران 7 سپاہی ہلاک اور دیگر 9 زخمی ہوگئے جس کے چند گھنٹوں بعد صبح 6 بجے جب یوبے کے تجارتی مرکز داماترو کی ایک مسجد میں مصلیوں کی کثیر تعداد نماز فجر کیلئے جمع ہوئی تھی خودکش بمباروں نے حملہ کردیا جس کے نتیجہ میں 15 مصلیان جاں بحق ہوگئے۔ ایک مقامی شخص ابراہیم موسیٰ نے کہا کہ ’’ایک خاتون کو خودکش بمبار مسجد میں داخل ہونے میں کامیاب ہوگئی جہاں اس نے دھماکہ کردیا جبکہ دوسری بمبار کو مسجد کے احاطہ میں مشتبہ حالت میں گھومتی ہوئی دیکھ کر روک لیا گیا اور اس نے فوراً خود کو دھماکہ سے اڑا لیا۔ ان دونوں دھماکوں میں دیگر 12 افراد زخمی ہوئے ہیں جنہیں ہاسپٹل میں شریک کردیا گیا ہے۔ مقامی افراد نے صدر محمدو بوہاری سے موصول بوہاری ہاؤزنگ اسٹیٹ پر حملہ کیلئے بھی بوکوحرام کو موردالزام ٹھہرایا۔