نائجیریا: کار بم دھماکے، مہلوکین کی تعداد 118 ہوگئی

جوس (نائجیریا)، 21 مئی (سیاست ڈاٹ کام) نائجیریا کے وسطی شہر جوس میں یکے بعد دیگرے ہونے والے دو کار بم دھماکوں میں ہلاک افراد کی تعداد 118 ہو گئی ہے۔ حکام نے اس سے قبل دھماکوں میں 46 افراد کے ہلاک ہونے کی تصدیق کی تھی۔ نیشنل ایمرجنسی منیجمنٹ ایجنسی کے بیان میں کہا گیا ہے کہ جائے واردات پر بکھرے ہوئے ملبے کے نیچے سے درجنوں لاشیں برآمد ہوئی ہیں جس سے مہلوکین
کی تعداد 118 ہوگئی ہے۔ جوس میں ایجنسی کے سربراہ محمد عبدالسلام نے صحافیوں کو بتایا کہ ہلاکتوں میں

مزید اضافے کا خدشہ ہے کیونکہ اب بھی کچھ ملبہ ہٹانا باقی ہے جس کے نیچے مزید لاشیں ہوسکتی ہیں۔ حکام کے مطابق دھماکے منگل کی شام چند منٹ کے وقفے سے شہر کے وسطی کاروباری علاقے میں بس اڈے اور اسپتال کے نزدیک ہوئے تھے۔ ایک پولیس افسر نے صحافیوں کوبتایا ہے کہ دھماکے کے وقت علاقے میں لوگوں کا ہجوم تھا۔ کئی لاشیں مکمل طور پر جھلسنے کے باعث ناقابلِ شناخت ہوگئی ہیں۔ دھماکوں سے کئی دکانیں مکمل طور پر منہدم ہوگئی ہیں جبکہ نزدیکی عمارتوں کو بھی نقصان پہنچا ہے۔