نائجیریا میں فوجی بیارکس میں خاتون خودکش حملہ

کانو (نائجیریا) ۔ یکم ؍ جنوری (سیاست ڈاٹ کام) گڑبڑ زدہ شمال مشرقی نائجیریا میں ایک خاتون خودکش کو ہلاک کردیا گیا جب اس نے فوجی بیارکس میں داخل ہونے کی کوشش کی تھی۔ عینی شاہدین نے بتایا کہ فوجیوں نے حجاب پہنی ہوئی اس خاتون پر فائرنگ کردی۔ بولاری کے مقام پر جب وہ فوجی بیارکس میں داخل ہونے لگی تو اس کی تلاشی لینے کیلئے فوجی آگے بڑھے لیکن اس نے تلاشی دینے سے انکار کردیا۔ دوسری طرف جب اسے روکنے کیلئے آوازیں دی جانے لگیں تو اس کے باوجود وہ تیزی سے آگے ہی بڑھتی جارہی جس کے بعد فوجیوں کو اس پر فائرنگ کرنے کیلئے مجبور ہونا پڑا جس سے اس کی کمر پر بندھا دھماکو بیلٹ پھٹ پڑا اور فوری طور پر ہلاک ہوگئی۔ بیارکس کے گیٹ پر ڈیوٹی انجام دینے والے فوجی شعیبوناصر نے یہ بات بتائی۔ خاتون کے پرخچے اڑ گئے۔ دھماکہ اتنا شدید تھا کہ اس سے آس پاس کی عمارتیں بھی لرم گئیں۔ یہاں اس بات کا تذکرہ بھی ضروری ہیکہ شمال مشرقی نائجیریا بوکوحرام عسکریت پسندوں کے پے در پے حملوں کی وجہ سے مسلسل مشکلات کا شکار ہے۔