نائجیریا میں بوکو حرم کے ہیڈکوارٹرس پر حکومت کا قبضہ

ابوجہ 27 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) نائجیریا کی فوج نے آج اعلان کیاکہ فوجیوں نے بوکو حرم سے قصبہ گوازا چھین لیا ہے جہاں سے یہ گروپ گزشتہ سال اپنی خلافت کا اعلان کرچکا تھا اور یہاں پر بوکوحرم کا ہیڈکوارٹرس واقع تھا۔ فوجی ہیڈکوارٹرس ابوجہ کے ٹوئٹر پر شائع شدہ پیغام کے بموجب کئی دہشت گرد ہلاک اور دیگر کئی گرفتار کرلئے گئے۔ اس طرح پورے قصبہ گوازا کو دہشت گردوں سے پاک کردیا گیا۔ مضافاتی علاقوں میں فوجی کارروائی ہنوز جاری ہے۔ جاریہ ماہ کے اوائل میں مقامی شہری اِس قصبہ سے فرار ہوکر مملکت بورنو منتقل ہوگئے تھے۔ عسکریت پسند گوازا میں کثیر تعداد میں جمع ہوگئے تھے۔ اُنھوں نے مقامی افراد کو ہلاک کردیا تھا اور زندہ بچ جانے والے شہری یہاں سے فرار ہوگئے تھے۔ گزشتہ سال 24 اگسٹ کو بوکوحرم کے قائد ابوبکر شیخان نے دولت اسلامیہ کی خلافت سے الحاق کا اعلان کیا تھا۔ اس کی وجہ سے یہ قیاس آرائیاں گرم ہوگئی تھیں کہ عسکریت پسند دولت اسلامیہ گروپ کی پیروی کررہے ہیں۔ شیخان نے گزشتہ ماہ دولت اسلامیہ کے قائد ابوبکر البغدادی کی تعریف کی تھی۔ تاہم اِس گروپ میں انضمام کا اعلان نہیں کیا تھا لیکن کہا تھا کہ وہ اِس گروپ سے الحاق رکھتے ہیں۔