کادونا ۔ 23 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) نائجیریا کے شمالی شہر کادونا میں آج دو بم دھماکے ہوئے جس میں تقریباً 82 افراد ہلاک ہوگئے۔ عہدیداروں کے مطابق اسلام پسند گروپ بوکوحرام نے یہ کارروائی کی ہے۔ ایک خودکش بمبار نے اعتدال پسند مسلم رہنما کو اس وقت نشانہ بنایا جب وہ مصروف ترین تجارتی روڈ پر اجتماع سے خطاب کررہے تھے جس میں 32 افراد ہلاک ہوگئے۔ اس کے کچھ دیر بعد پرہجوم مارکٹ میں دوسرا بم دھماکہ ہوا جس میں 50 افراد ہلاک ہوئے ۔ عینی شاہدین اور پولیس کے مطابق مسلم رہنما شیخ دہیرو بوچی کے اجتماع میں ہزاروں افراد شریک تھے ۔ اس حملہ کا نشانہ بوچی تھے لیکن انہیں کوئی گزند نہیں پہونچی ۔
جوکووی انڈونیشیا کے نئے صدر منتخب، آسٹریلیا کی مبارکباد
جکارتہ۔23 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) انڈونیشیا کے الیکشن کمیشن نے اعلان کیا ہے کہ جوکو وڈوڈو سخت مقابلے کے بعد آئندہ پانچ سال کیلئے ملک کے نئے صدر منتخب ہو گئے ہیں۔ آسٹریلیائی وزیراعظم ٹونی ایبٹ نے انڈونیشیا کے نو منتخب صدر کو مبارکباد کا پیغام بھیجا ہے۔
لیبیا میں جھڑپیں جاری
مزید 20 افراد ہلاک
طرابلس۔23 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) لیبیا کی فوج اور شدت پسندوں کے درمیان جھڑپوں میں کم از کم 20 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ جرمن خبر رساں ادارے ڈی پی اے کے مطابق بن غازی میں منگل کو رات دیر گئے ایک فوجی اڈے پر ہونے والے خودکش حملے میں کم از کم چار افراد ہلاک ہوئے۔ مقامی میڈیا کے مطابق گزشتہ روز ملکی فوج اور انصار الشریعہ نامی شدت پسند گروپ کے جنگجوؤں کے درمیان جھڑپوں میں مزید 16 افراد ہلاک ہوئے۔ ان جھڑپوں کا آغاز پیر کے روز ہوا تھا۔