نئی دہلی 17 جون ( سیاست ڈاٹ کام ) نریندر مودی حکومت کے اقتدار سنبھالنے کے بعد پہلے اعلی سطح کے دورہ میں نائب وزیر اعظم روس ڈمٹتری او روگوزین کل ہندوستان آئیں گے ۔ ان کا یہ دورہ دو روزہ ہوگا اور اس موقع پر دونوں ممالک امکان ہے کہ اہم باہمی اور علاقائی مسائل پر تبادلہ خیال کرینگے ۔ مسٹر روگوزن کل ہی وزیر خارجہ سشما سواراج سے ملاقات کرکے بات چیت کرینگے اور جمعرات کو وزیر اعظم نریندر مودی سے ملاقات کرینگے ۔ بات چیت کے دوران سشما سواراج اور روگوزن امکان ہے کہ باہمی مسائل کے علاوہ مشترکہ اہمیت کے بین الاقوامی مسائل پر بات چیت کرینگے ۔ معاشی تعاون ‘ توانائی ‘ سکیوریٹی اور کوڈنکلم پاور پلانٹ کے تیسرے اور چوتھے ری ایکٹرس کی فراہمی جیسے دیرینہ توجہ طلب مسائل کا بھی بات چیت میں احاطہ کیا جاسکتا ہے ۔ کہا گیا ہے کہ روس نے ہندوستان کے نیوکلئیر واجبات قانون کی پابندی سے اتفاق کیا ہے جس کے بعد کوڈنکلم نیوکلئیر پاور پلانٹ کے تیسرے اور چوتھے ری ایکٹرس یونٹ کی فراہمی کے تعلق سے معاہدہ ممکن ہوسکا ہے ۔