نائب صدر پردیش کانگریس آموس مستعفی

پارٹی شکست پر مستعفی ہونے پنالہ لکشمیا پر دباؤ میں اضافہ

حیدرآباد /20 جون (سیاست نیوز) صدر تلنگانہ پردیش کانگریس پنالہ لکشمیا پر دباؤ ڈالنے کیلئے پردیش کانگریس کے نائب صدر کے آر آموس نے استعفی دے دیا، جبکہ کانگریس رکن اسمبلی کے وینکٹ ریڈی نے سخت تنقید کا نشانہ بنایا۔ واضح رہے کہ تلنگانہ میں کانگریس کی شکست کے بعد پارٹی قائدین کی جانب سے پنالہ لکشمیا پر استعفی کا دباؤ بڑھتا جارہا، جبکہ کانگریس کے سینئر قائد و رکن راجیہ سبھا پی گووردھن ریڈی نے پہلے پارٹی کی شکست کی ذمہ داری صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کے سر ڈال کر ان سے مستعفی ہونے اور ہائی کمان سے برطرفی کا مطالبہ کیا تھا۔ ذرائع کے بموجب صدر پردیش کانگریس پر استعفی کیلئے دباؤ ڈالنا حکمت عملی کا ایک حصہ ہے، تاہم کے آر آموس نے پنالہ لکشمیا کو مکتوب روانہ کرکے استعفی کا سبب شخصی وجوہات بتایا ہے۔ دریں اثنا سابق وزیر کے وینکٹ ریڈی نے تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی کے استحکام کو ترجیح دینے کی بجائے پنالہ لکشمیا پریس کانفرنس تک محدود ہیں، کیونکہ اب تک پارٹی کے سینئر اور جونیر قائدین کا اجلاس طلب نہیں کیا گیا اور نہ ضلعی سطح پر پارٹی کے استحکام کیلئے اقدامات کئے ہیں۔ انھوں نے کے آر آموس کے استعفی کا خیرمقدم کرتے ہوئے پارٹی کے دیگر قائدین کو بھی مستعفی ہونے کا مشورہ دیا، تاکہ نئے عاملہ کی تشکیل میں پارٹی ہائی کمان کو آسانی ہوسکے۔