نائب صدر نشین اے پی کونسل کے انتخاب کیلئے اعلامیہ کی اجرائی

حیدرآباد 2 ستمبر (سیاست نیوز)نائب صدر نشین آندھرا پردیش قانون ساز کونسل عہدے کے انتخابات کیلئے 3 ستمبر کو اعلامیہ کی اجرائی متوقع ہے اور آندھرا پردیش ریاست میں برسر اقتدار تلگودیشم پارٹی امیدوار کی بحیثیت نائب صدر نشین آندھرا پردیش قانون ساز کونسل منتخب ہونا یقینی ہے ۔ تلگودیشم پارٹی ذرائع کے مطابق بتایا جاتا ہیکہ صدر تلگودیشم پارٹی و چیف منسٹر آندھرا پردیش مسٹر این چندرا بابو نائیڈو نائب صدر نشین قانون ساز کونسل آندھرا پردیش عہدے کیلئے مسٹر چیتنیہ راجو کے نام کو تقریبا قطعیت دے چکے ہیں اور بتایا جاتا ہیکہ مسٹر چیتنیہ راجو نے چیف منسٹرمسٹر این چندرا بابو نائیڈو سے تفصیلی بات چیت کی ۔ مسٹر نائیڈو نے نائب صدر نشین اے پی قانون ساز کونسل عہدے کیلئے مسٹر راجو کے نام کو قطعیت دیئے جانے سے واقف کرایا ہے اس طرح سمجھا جاتا ہے کہ مسٹر چیتنیہ راجو اعلامیہ کی اجرائی کے فوری بعد اے پی قانون ساز کونسل میں نائب صدر نشین عہدے کیلئے تلگودیشم پارٹی کی جانب سے اپنا پرچہ نامزدگی داخل کریں گے اور تلگودیشم پارٹی کو کونسل میں پائی جانے والی اکثریت کے پیش نظر متفقہ طور پر نائب صدر نشین عہدے پر تلگودیشم پارٹی امیدوار مسٹر چیتنیہ راجو کا بلا مقابلہ انتخاب یقینی ہے ۔