نائب صدر جمہوریہ کا سابق گورنر اے آر قدوائی کے انتقال پر اظہار تعزیت

نئی دہلی،25اگست(سیاست ڈاٹ کام)نائب صدر جمہوریہ حامد انصاری نے آج سابق گورنر اے آر قدوائی کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا ۔مسٹر انصاری نے اپنے پیغام میں کہا ’’بہار،ہریانہ اور مغربی بنگال کے سابق گورنرمسٹر اے آر قدوائی کے انتقال پر میں کافی غمگین ہوں۔انہوں نے اپنی پوری زندگی عوام کی خدمت کیلئے وقف کردی۔انہوں نے گاندھی جی کے اقدار کو پیش کیا اور ملک کے لئے ایک مجاہد آزادی ،ایک بہترین منتظم ،رکن پارلیمنٹ اور ماہر تعلیم کے طور پر ملک کی خدمت کی‘‘۔نائب صدر جمہوریہ نے مزید کہاکہ ان کے اہل خانہ کے ساتھ میں تعزیت کا اظہار کرتاہوں اور ان کی روح کی تسکین کیلئے دعا گو ہوں۔مسٹر قدوائی 1920میں اترپردیش میں بارہ بنکی ضلع کے باراگاؤں پیدا ہوئے تھے ۔ان کے پسماندگان میں دو بیٹے اور چار بیٹیاں ہیں۔
سیوان میں ایک شخص کا گولی مار کر قتل
سیوان،25اگست(سیاست ڈاٹ کام)بہار میں ضلع سیوان کے جی بی تھانہ علاقے میں کل رات بدمعاشوں نے ایک شخص کو گولی مارکر قتل کردیا۔پولیس ذرائع نے آج بتایا کہ سسئی گاؤں کا رہنے والا راہل کمار (26) اپنے چھوٹے بھائی کے ساتھ سیوان شہر سے پیدل گھر جارہا تھااسی وقت پٹنہ -سیوان سڑک پر مادھو پور گاؤں کے نزدیک کار میں سوار بدمعاشوں نے اسے گولی مارکر شدید طورپر زخمی کردیا۔ذرائع نے بتایا کہ بدمعاشوں نے اس کے چھوٹے بھائی کے ساتھ مارپیٹ تک نہیں کی ہے ۔قتل کی وجہ کا ابھی پتہ نہیں چل سکا ہے ۔پولیس معاملے کی تحقیقات کررہی ہے۔