حیدرآباد /31 جنوری ( سیاست نیوز ) نائب صدر جمہوریہ ہند مسٹر ایم ونکیا نائیڈو سہ روزہ دورہ پر آندھراپردیش پہونچیں گے ۔ ذرائع کے مطابق ونکیا نائیڈو 2 تا 4 فروری ریاست کے اضلاع کرشنا ، گنٹور وغیرہ کا دورہ کریں گے ۔ اس دوران نائب صدر مختلف پروگراموں میں حصہ لیں گے ۔ 2 فروری کو ایک بجکر 55 منٹ پر دہلی سے خصوصی طیارہ کے ذریعہ روانہ ہوکر 4 بجکر 15 منٹ پر گناورم ایرپورٹ پہونچیں گے ۔ بعد ازاں وہ وجئے واڑہ پہونچکر شنکرنیترا چکتالیہ میں فراہم کی جانے والی زائد سہولتوں کا افتتاح کریں گے اور پھر وہاں سے شام 5.30 بجے آتکور میں واقع سورنا بھارت ٹرسٹ پہونچکر وہیں پر رات میں قیام کریں گے ۔ دوسرے دن یعنی 3 فروری کو علی الصبح گناورم ایرپورٹ سے ہیلی کاپٹر کے ذریعہ ضلع گنٹور کے پدانندی پاڈو کیلئے روانہ ہوں گے ۔ وہاں پر آرٹس اینڈ سائنس کالج کی گولڈن جوبلی تقاریب میں شرکت کریں گے ۔ بعد ازاں اگناوراپاڈو پہونچکر ’’ اومیگا ہاسپٹل ‘‘ میں 150 بستروں پر مشتمل آنکالوجی شعبہ ( وارڈ ) کا افتتاح کریں گے اور پھر وہاں سے جے کے سی کالج میں منعقد ہونے والی ناگرجنا ایجوکیشنل سوسائٹی کی گولڈن جوبلی تقریب میں شرکت کریں گے ۔ اس پروگرام کے اختتام پر سورنا بھارت ٹرسٹ پہونچکر وہیں پر شب بسری کریں گے ۔ بتایا جاتا ہے کہ 4 فروری کو صبح 9.30 بجے گناورم ایرپورٹ پہونچکر وہاں سے دہلی کیلئے روانہ ہوجائیں گے ۔