نائب صدر جمہوریہ محمد حامد انصاری نئے صدر افغانستان اشرف غنی کی تقریب حلف برداری میں ہندوستان کے نمائندہ

نئی دہلی26 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام)نئے صدر جمہوریہ محمد حامد انصاری نئے صدر افغانستان اشرف غنی کی آئندہ ہفتہ تقریب حلف برداری میں ہندوستان کی نمائندگی کریں گے ۔ 2001 میں طالبان کے اقتدار سے بے دخل کردیئے جانے کے بعد گڑ بڑھ زدہ ملک میں یہ پرامن انتقال اقتدار کا پہلا موقع ہوگا ۔ انتخابی نتائج کے اعلان کے بعد کامیاب امیدوار کے سلسلہ میں حریف امیدوار عبداللہ عبداللہ سے اشرف غنی کا تنازعہ پیدا ہوگیا تھا لیکن دونوں میں اقتدار میں شراکت داری معاملہ کے بعد یہ تعطل ختم ہوگیا ۔ نائب صدر حامد انصاری نئے صدر افغانستان کی تقریب حلف برداری میں شرکت کریں گے ۔ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ افغانستان سے ہندوستان کی دلچسپی کتنی اہم ہے اور اس کے کتنے مفادات اس ملک سے وابستہ ہیں۔ ہندوستان تاحال دو ارب امریکی ڈالر کی سرمایہ کاری افغانستان کی تعمیر جدید میں کرچکا ہے۔ افغان فوج کو تربیت بھی دے چکا ہے جو ناٹو افواج کے جاریہ سال کے اواخر میں ملک سے تخلیہ کے بعد ذمہ داریاں سنبھالے گی ۔ وزیر خارجہ سشما سوراج 10 ستمبر کو افغانستان کا دورہ کرچکی ہے اور انہوں نے افغانستان کو ہر ممکن مدد کا تیقن دیا ہے ۔ سبکدوش ہونے والے صدر حامد کرزئی سے بھی سشما سوراج نے بات چیت کی تھی۔ افغانستان ہندوستان پر دباو ڈالتا رہا ہے کہ وہ ملک کی صیانت کے استحکام کیلئے فوجی ہارڈ ویر سربراہ کریں۔