نائب صدرجمہوریہ نے ہماچل پردیش کے پنچایت راج نمونہ کی ستائش کی

شملہ ۔ 10 جون (سیاست ڈاٹ کام) نائب صدرجمہوریہ حامد انصاری نے آج ہماچل پردیش کے پنچایت راج نمونہ کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ اس سے خواتین کی بااختیاری اور دیگر متعلقہ امور میں مدد ملے گی۔ دیگر ریاستوں کو بھی اس نمونہ کی تخلیق کرنا چاہئے۔ حامد انصاری نے کہا کہ پنچایت راج اداروں میں 50 فیصد اور پولیس فورس میں 30 فیصد تحفظات سے خواتین کی بااختیاری میں مدد ملے گی۔ وہ ریاست کے تین روزہ دورہ پر آئے ہوئے تھے جو آج اختتام پذیر ہوا۔ چیف منسٹر ویر بھدر سنگھ نے انہیں اور ان کی شریک حیات سلمیٰ انصاری کو شال پہنائی اور پرجوش انداز میں وداع کیا۔ ریاستی حکومت کی جانب سے نائب صدرجمہوریہ ہند محمد حامد انصاری اور اُن کی شریک حیات سلمیٰ انصاری کے اعزاز میں ایک عشائیہ بھی کل رات پیٹرباف پر ترتیب دیا گیاتھا۔ نائب صدرجمہوریہ نے پنچایت راج تربیتی ادارہ کے عہدیداروں سے بات چیت کی اور ڈاکٹر وائی ایس پرمار یونیورسٹی برائے باغبانی و جنگلات کے علاقائی تحقیقی مرکز کا بھی دورہ کیا۔