نئی دہلی ۔ یکم ستمبر (سیاست ڈاٹ کام ) لوک سبھا کی اسپیکر سمترا مہاجن نے عوام بالخصوص نوجوانوں اور کم عمر افراد سے نئے ہندوستان کی تعمیر کا عہد کرنے کی اپیل کی ہے ۔ سمترا مہاجن نے آج یہاں ’نیا ہندوستان۔ بناکے رہیں گے ‘نمائش اور سمینار کا افتتاح کرنے کے بعد یہ بات کہی۔ اس موقع پر پارلیمانی امور کے وزیر مملکت مختار عباس نقوی اور پارلیمانی امور کی وزارت کے سکریٹری راجیو یادو بھی موجود تھے ۔لوک سبھا اسپیکر نے کہا کہ اس پروگرام کا انعقاد صرف نمائش کے لئے نہیں کیا گیا ہے بلکہ یہ نئے ہندوستان کی تعمیر کے عہد کا مظہر ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ نمائش نو عمروں اور نوجوانوں کو آزادی کی جدوجہد اور عزم کی کہانی سناتی ہے ۔ نوجوان او رنو عمر ملک کا مستقبل ہیں اور انہیں اب نئے ہندوستان کی تعمیر کا عہد کرنا چاہئے ۔ لوک سبھا میں بھی تمام جماعتوں نے اگلے پانچ سالوں میں نیا ہندوستان بنانے کا عہد کیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ ملک نے ہندوستان چھوڑو تحریک کے صرف پانچ سال کے اندر ہی آزادی حاصل کرلی ۔ یہ عزم کی وجہ سے ہوا ۔ اس وقت مجاہدین آزادی نے الگ طریقے سے آزادی کی لڑائی لڑی تھی۔اب اہل وطن کو نئے ہندوستان کی تعمیر کا عہد لیناہے ۔