واشنگٹن ۔ 27 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) سی آئی اے کے سابق ڈائرکٹر مائیک پامپیو نے آج امریکہ کے نئے وزیرخارجہ کی حیثیت سے حلف لیا۔ قبل ازیں سینیٹ نے ان کی نامزدگی کی توثیق کی۔ یاد رہیکہ مائیک پامپیو کو ایک ایسے وقت امریکہ کا وزیرخارجہ بنایا جارہا ہے جب امریکہ کے عالمی سطح پر کئی ممالک کے ساتھ اہم مذاکرات یا تو جاری ہیں یا ان کا آغاز ہونے والا ہے۔ سپریم کورٹ جسٹس سیموئل الیٹو نے پامپیو کو سپریم کورٹ کے مغربی کانفرنس روم میں عہدہ اور رازداری کا حلف دلایا۔ اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ ترجمان ہیتھرنوریٹ نے یہ بات بتائی۔ حلف برداری کی رسم کے فوری بعد اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ نے اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ پامپیو امریکہ کے 70 ویں وزیرخارجہ ہیں اور فوری ہی بروسلز، سعودی عرب، یروشلم اور عمان کے دورہ پر روانہ ہوں گے جس کا سلسلہ 30 اپریل تک جاری رہے گا حالانکہ ڈیموکریٹس نے ابتداء میں پامپیو کی نامزدگی کی شدید مخالفت کی تھی جن میں سینیٹ فارین ریلیشنز کمیٹی کے رینکنگ رکن سینیٹر باب میننڈیز جن کا تعلق نیوجرسی سے ہے، بھی شامل ہیں۔ مائیک پامپیو نے سابق وزیرخارجہ ریکس ٹلرسن کی جگہ لی ہے جنہیں صدر ٹرمپ نے گذشتہ ماہ برطرف کردیا تھا۔ سینیٹ میں انہیں 42 کے مقابلے 57 ووٹس سے کامیابی ملی۔