15 اگست سے عمل آوری ، مقررہ فیس میں ہی تمام دستاویزات کی تکمیل
حیدرآباد۔3اگسٹ(سیاست نیوز) نئی خریدی جانے والی کار اور موٹر سائیکل کے رجسٹریشن کے لئے اب آر ٹی اے دفاتر کے چکر کاٹنے کی ضرورت باقی نہیں رہے گی کیونکہ حکومت تلنگانہ کے محکمہ روڈ ٹرانسپورٹ اتھاریٹی کی جانب سے کئے گئے فیصلہ کے مطابق اب شوروم سے نکلنے والی گاڑیوں کے رجسٹریشن شورم میں ہی ہوجائیں گے اور ان کے رجسٹریشن سرٹیفیکیٹ کی نقل بھی شوروم میں ہی خریدار کے حوالہ کردی جائیں گی بلکہ ہاڈئی سیکیوریٹی نمبر پلیٹ بھی شوروم میں ہی نصب کردی جائے گی۔ ذرائع کے مطابق شوروم میں رجسٹریشن کا عمل 15اگسٹ سے شروع کردیا جائے گا جس کے بعد آر ٹی اے دفاتر میں صرف لائسنس اور مال بردار یا مسافر بردار گاڑیوں کے علاوہ ٹیکسی گاڑیوں کا رجسٹریشن کیا جائے گا۔ حکومت تلنگانہ کی جانب سے گذشتہ کئی ماہ سے اس منصوبہ پر عمل آوری کے اقدامات کئے جا رہے تھے اور اس بات کی کوشش کی گئی تھی کہ یکم اگسٹ سے نئے گاڑیوں کے رجسٹریشن شورم پر ہی کئے جائیں گے لیکن اس میں کامیابی حاصل نہیں ہوپائی تھی مگر اب جو اطلاعات موصول ہو رہی ہیں ان کے مطابق محکمہ کی جانب سے 15اگسٹ سے اس عمل کو شروع کردیا جائے گاتاکہ گاڑیوں کی خریداری کرنے والوں کو آر ٹی اے کے چکر کاٹنے کی ضرورت باقی نہ رہے اور نہ ہی انہیں کسی سرکاری عہدیدار یا درمیانی شخص کو رشوت دینی پڑے گی۔ بتایا جاتا ہے کہ نئے منصوبہ کے مطابق محکمہ روڈ ٹرانسپورٹ اتھاریٹی کی جانب سے تیار کردہ سافٹ وئیر کے ذریعہ گاڑی کی فروخت کے فوری بعد ان کے رجسٹریشن کا انتظام کرلیا گیا ہے اور رجسٹریشن کی جو فیس ہوگی وہی فیس وصول کی جائے گی اس پر کوئی اضافہ رقم ادا کرنی نہیں پڑے گی۔ شوروم سے ہی رجسٹرڈ گاڑیوں کی فروخت کا تجربہ ملک کے دیگر شہروں ممبئی ‘ دہلی ‘ چینائی اور پونے میں کامیابی کے ساتھ کیا جا چکا ہے اور ان تجربات کو نظر میں رکھتے ہوئے عوام کو راحت پہنچانے کے لئے تلنگانہ میں یہ منصوبہ روشناس کروایا جا رہا ہے۔ شہر حیدرآباد کے علاوہ ریاست کے بیشتر تمام آر ٹی اے دفاتر میں گاڑیوں کے رجسٹریشن کے سلسلہ میں حاصل کی جانے والی رشوت کے متعلق ہزاروں شکایات موصول ہوتی رہتی ہیں اور ان دفاتر میں عوام کا کوئی پرسان حال نہیں ہوتا لیکن اب اس نئے منصوبہ کے بعد شہر حیدرآباد کے علاوہ ریاست تلنگانہ میں نئی گاڑی کے رجسٹریشن کا مسئلہ ختم ہوجائے گا اور محکمہ کی جانب سے آئندہ چند ماہ کے دوران مزید خدمات کو آن لائن کرتے ہوئے عوام کو دفتر کے چکر کاٹنے سے محفوظ رکھنے کے اقدامات کا منصوبہ ہے۔