نئے مالی سال میں نوٹوں کی منسوخی کا اثر نہیں:جیٹلی

نئی دہلی یکم فروری (سیاست ڈاٹ کام) نوٹوں کی منسوخی کو معیشت کے لئے طویل مدتی بنیاد پر فائدہ مند قرار دیتے ہوئے وزیر خزانہ ارون جیٹلی نے آج لوک سبھا میں سال 2017-18کا عام بجٹ پیش کیا اور کہا کہ کالے دھن، جعلی نوٹ اور دہشت گردی کی مالی مدد پر حملہ کے مقصد سے کی گئی نوٹوں کی منسوخی کا اثر نئے مالی سال میں نہیں رہے گا۔مسٹر جیٹلی نے بجٹ پیش کرتے ہوئے کہا کہ نوٹوں کی منسوخی کا مقصد بڑی اور صاف ستھری معیشت بنانا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ان کی حکومت مہنگائی کی شرح کو نیچے لانے میں کامیاب رہی ہے ۔ افراط زر بھی کم ہوئی ہے اور سال 2017 میں شرح نمو میں اضافہ ہوگا۔ پوری دنیا میں راست غیر ملکی سرمایہ کاری کم ہوئی ہے لیکن ہندستان میں اس میں اضافہ ہوا ہے ۔ رواں کھاتہ خسارہ کم ہوا ہے اور یہ رواں مالی سال کی پہلی ششماہی میں جی ڈی پی کا 0.3 فیصد رہا ہے ۔مسٹر جیٹلی نے بجٹ تقریر کے آغاز میں تبدیلی کو اپنانے کے لئے کہا۔ انہوں نے یہ شعر پڑھا ‘جو بات نئی ہے ، اسے اپناے ئے آپ، ڈرتے ہیں کیوں نئی راہ پر چلنے سے ، ہم آگے آگے چلتے ہیں، آئیے ۔ ‘