ممبئی 29 اکٹوبر ( سیاست ڈاٹ کام) شیوسینا نے حکومت مہاراشٹرا سے کہا ہے کہ 33 ہزار کروڑ کے نئے قرض حاصل کرنے میں احتیاط سے کام لیا جائے تاکہ پیشرو حکومت کی غلطیوں کا اعادہ نہ ہوسکے ۔ جبکہ 33 ہزار کروڑ کے قرضہ جات بنیادی سہولیات کو بہتر بنانے اور زراعت ، آبپاشی ، خشک سالی سے راحت کی اسکیمات ، جل یکت شیور اسکیم کیلئے استعمال کئے جائیں گے تاہم حکومت کو چاہئے کہ پہلے ہی سے محصلہ 3.52 لاکھ کروڑ کے قرض کو پیش نظر رکھا جائے ۔ شیوسینا کے ترجمان سامنا میں کہا گیا ہے کہ اگرچیکہ نئے قرضے کم شرح سود پر حاصل کئے جارہے ہیں لیکن مالیاتی بوجھ عام آدمی پر ڈال دیا جائے گا جب کہ حکومت ہر سال اصل قرض کی رقم اور سود کی شکل میں 38 ہزار کروڑ ادا کررہی ہے ۔
بھوپال میں زندہ شیر پکڑ لیا گیا
بھوپال۔/29اکٹوبر، ( سیاست ڈاٹ کام )شہر کے علاقہ نبی باغ میں واقع سنٹرل انسٹی ٹیوٹ آف اگریکلچرل انجینئرنگ کے کیمپس سے آج ایک شیر کو پکڑ لیا گیا۔ پولیس اور محکمہ جنگلات کے عہدیداروں نے بتایا کہ تین تا چار سال کا یہ شیر دکھائی دینے پر راہگیروں نے اطلاع دی تھی۔ عہدیداروں کی ٹیم نے شیر کو پکڑنے کیلئے بے ہوشی کا انجکشن فائر کیا تو وہ بچ نکل گیا اور ایک عمارت کی چھت پر چھلانگ دی تاہم اس کے وزن سے چھت بیٹھ گئی۔ جس کے ساتھ ہی شیر ایک کمرہ میں گر گیا اور اسے بہ آسانی پکڑ کر زو پارک منتقل کردیا گیا۔