وزیراعظم مودی زیرقیادت پیانل کی دوبارہ میٹنگ ہوگی
نئی دہلی ۔ 24 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) اگلے سی بی آئی سربراہ کو طئے کرنے کیلئے وزیراعظم نریندر مودی زیرقیادت سلیکشن کمیٹی کی میٹنگ بدستور بے نتیجہ رہی، عہدیداروں نے آج یہ بات بتائی۔ انہوں نے کہا کہ سی بی آئی ڈائرکٹر کے عہدہ پر کوئی فیصلہ میٹنگ میں نہیں کیا جاسکا۔ ایک عہدیدار نے شناخت مخفی رکھنے کی درخواست کے ساتھ کہا کہ اہل عہدیداروں کی فہرست اور ان کے کوائف کا پیانل ممبرس کے ساتھ تبادلہ ـکیا گیا لیکن ابھی تک کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیانل کی ایک اور میٹنگ عنقریب منعقد کی جائے گی تاکہ نئے سی بی آئی سربراہ کے نام کو قطعیت دی جاسکے۔ یہ میٹنگ وزیراعظم کی سرکاری قیامگاہ پر منعقد ہوئی جس میں چیف جسٹس آف انڈیا رنجن گوگوئی اور لوک سبھا میں کانگریس کے لیڈر ملک ارجن کھرگے شریک ہوئے۔