نئے سعودی فرمانروا نے عوام پر ریالوں کی برسات کر دی

ریاض ۔ 30 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) سعودی عرب کے سرکاری ملازمین کیلئے دو ماہ کی اضافی تنخواہ کے برابر فراخدلانہ بونسوں اور دیگر ادائیگیوں کا اعلان کیا گیا ہے۔ اس اعلان سے مستفید ہونے والوں میں علماء کے علاوہ ریٹائرڈ سرکاری ملازمین بھی شامل ہوں گے۔ سرکاری ملازمین کیلئے اس خوشگوار پیاکیج کی منظوری شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی طرف سے دی گئی ہے۔ شاہ سلمان نے حکم دیا ہیکہ بشمول فوجی و سیول حکام تمام سرکاری ملازمین کو دو تنخواہیں فوری ادا کی جائیں۔ نیز مملکت کے اندر اور باہر موجود تمام سعودی طلباء و طالبات کو بھی دو ماہانہ وظائف کی یکمشت ادائیگی کر دی جائے۔شاہی فرمان کے مطابق سوشل انشورنس کی رقومات کی دوماہ کی ادائیگی کے ساتھ ساتھ معذوری کے شکار شہریوں کو بھی اسی حساب سے ادائیگی کی جائے۔

شاہی فرمان میں سعودی وزارت برائے سماجی امور سے وابستہ خیراتی اداروں کو بھی مجموعی طور پر دو ارب سعودی ریال کی خطیر رقم ادا کر دی جائے۔نیز کو آپریٹو سوسائٹیز کونسل بھی دو سو ملین ریال جبکہ سعودی پروفیشنلز کی انجمنوں کو 10 ملین سعودی ریال کی رقومات منتقل کر دی جائیں۔اس شاہی حکم کے تحت تعلیمی شعبے میں کام کرنے والے کلبوں ، کھیلوں کے میدان میں اعلی کارکردگی دکھانے والے کلبوں کو بھی دس دس ملین ریال ادا کئے جانے کا حکم دیا گیا ہے جبکہ اچھی کارکردگی کے حامل اسپورٹس کلبوں کو بھی پانچ پانچ ملین ریال کی رقومات دی جائیں گی۔شاہی فرمان کے مطابق پانی و بجلی سے متعلق خدمات کے شعبوں کو 20 ارب ریال کی اضافی رقم دی جائے گی۔ شاہ سلمان نے ایسے تمام قیدیوں کیلئے بھی رعایتوں کا اعلان کیا ہے جنہیں عوامی معاملات میں کوتاہیوں کے باعث سزا یا جرمانہ ہوا ہے۔ان قیدیوں کے پانچ لاکھ ریال تک کے جرمانوں کو معاف کیا جا رہا ہے۔