نئے دارالحکومت کی پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے ذریعہ تعمیر

حیدرآباد۔/4مارچ ، ( سیاست نیوز) آندھرا پردیش حکومت نے ’’ پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ ‘‘ ( پی پی پی ) کے ذریعہ نئی ریاستی راجدھانی کی تعمیر عمل میں لانے کا فیصلہ کیا ہے۔ علاوہ ازیں عالمی معیار کے مطابق نئی راجدھانی کی تعمیر عمل میں لانے کیلئے فنڈز ( رقومات ) اکٹھا کرنے پر اولین توجہ مرکوز کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔ آج یہاں سکریٹریٹ آندھرا پردیش میں چیف منسٹر مسٹر این چندرا بابو نائیڈو کی صدارت میں ریاستی کابینہ کا اہم اجلاس منعقد ہوا جو کہ تقریباً 7گھنٹوں تک جاری رہا۔اجلاس میں بعض اہم ترین بشمول ’ پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ ‘ کے ذریعہ ریاست آندھرا پردیش کی نئی راجدھانی کی تعمیر عمل میں لانے کے ساتھ ساتھ دیگر فیصلے کئے گئے۔ ذرائع نے بتایا کہ اس اجلاس میں عالمی معیار کے مطابق آندھرا پردیش راجدھانی کی تعمیر کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔

تاہم راجدھانی کی تعمیر کیلئے حکومت کے پاس مناسب رقومات ( حکومت کے خزانہ میں ) نہ رہنے کے باعث رقومات اکٹھا کرنے کیلئے بیرونی سرمایہ کاری پر توجہ دینے کی شدید ضرورت پر زور دیا۔ چیف منسٹر مسٹر این چندرا بابو نائیڈو نے فنڈز اکٹھا کرنے کیلئے طریقہ کار پر غور کرنے کا وزراء کو مشورہ دیا اور کہا کہ ریاست کی ترقی کیلئے سرمایہ کاری بہت ضروری ہے۔ لہذا اس کے لئے اندرون و بیرون ملک سے سرمایہ کاری کیلئے سرمایہ داروں کو نہ صرف مدعو کرنا چاہیئے تھا بلکہ انہیں سرمایہ کاری کی مناسب انداز میں ترغیب دینے کا بھی کابینہ کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا۔ آندھرا پردیش اسمبلی کے بجٹ سیشن میں اختیار کی جانے والی حکمت عملی، ریاست میں چارہ کی قلت، خشک سالی و پانی کی قلت وغیرہ سے نمٹنے کیلئے حکمت عملی پر غور کیا گیا۔

کابینہ کے اجلاس میں اس بات کا اظہار کیا گیا کہ مرکزی بجٹ و ریلوے بجٹ میں آندھرا پردیش کے ساتھ مکمل ناانصافی ہوئی ہے۔ لہذا آندھرا پردیش کو مناسب فنڈز کی فراہمی کیلئے مرکز پر دباؤ کو بڑھانے کا کابینہ کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا۔ اس سلسلہ میں حکومت آندھرا پردیش کی جانب سے وزیر اعظم نریندر مودی کو مکتوب تحریر کرنے اور مسٹر چندرا بابو نائیڈو دہلی جاکر وزیر اعظم نریندر مودی، مرکزی وزیر فینانس ارون جیٹلی سے ملاقات کرنے سے متعلق کابینہ کے اجلاس میں قرارداد منظور کی گئی۔ بتایا گیا کہ جاریہ سال تلگو سال نو اگادی کی بڑے پیمانے پر تقاریب آندھرا پردیش کی نئی راجدھانی کے مقام کولورو میں منعقد کرنے کا کابینہ نے فیصلہ کیا۔ بتایا گیا کہ مرکز سے رقومات حاصل ہوئے بغیر آندھرا پردیش کی ترقی ہرگز ممکن نہیں ہے۔