حیدرآباد 30 مارچ (سیاست نیوز) مرکزی حکومت نے آندھرا پردیش میں نئے دارالحکومت کے قیام کیلئے 1500 کروڑ روپئے جاری کرنے کا اعلان کیا ہے ۔ مرکزی حکومت نے تقسیم آندھرا پردیش کے قانون 94(3)کے تحت آندھرا پردیش کو مالی امداد جاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ مرکزی وزارت شہری ترقیات نے نئے دارالحکومت کے قیام کیلئے 1000 کروڑ ‘راج بھون سکریٹریٹ ‘اسمبلی اور ہائی کورٹ عمارات کی تعمیرات کیلئے 500 کروڑ روپئے مختص کئے ہیں تلگودیشم حکومت نے نئے دارالحکومت کے قیام کیلئے تخمینہ تیار کرتے ہوئے پہلے مرحلے میں 10 ہزار کروڑ روپئے جاری کرنے کا مرکزی حکومت سے مطالبہ کیا تھا تاہم مرکزی حکومت نے صرف 1500 کروڑ روپئے منظور کئے ہیں مالیاتی سال کے اختتام سے قبل مرکزی حکومت نے 1500 کروڑ روپئے آندھرا پردیش کیلئے جاری کئے ہیں۔ پسماندہ اضلاع کی ترقی سے متعلق 650 کروڑ پولاورم پراجکٹ کی تعمیر کیلئے 1000 کروڑ روپئے خسارے بجٹ کو سہارا دینے کیلئے 6,500کروڑ روپئے کی اجرائی سے متعلق مرکزی محکمہ فینانس نے ہنوز کوئی فیصلہ نہیں کیا ہے جبکہ جاریہ مالیاتی سال کا کل آخری دن ہے مرکزی وزیر سجنا چودھری نے 10 ہزار کروڑ روپئے جاری ہونے کی توقعات کا اظہار کیا تھا جو جاری نہیں ہوئے تلگودیشم حکومت کو مرکزی حکومت سے ابھی امیدیں وابستہ ہیں۔آندھرا پردیش اسمبلی بجٹ سیشن کے اختتام کے فوری بعد چیف منسٹر آندھرا پردیش مسٹر این چندرا بابو نائیڈو نے دہلی پہنچ کر وزیر اعظم نریندر مودی مرکزی وزیر فینانس مسٹر ارون جیٹلی کے علاوہ دوسرے مرکزی وزراء سے ملاقاتیں کرتے ہوئے تقسیم ریاست بل میں آندھرا پردیش کیلئے جو وعدے کئے گئے تھے اس کو جلد از جلد پورا کرنے اور فنڈز کی اجرائی کو یقینی بنانے کا مطالبہ کیا تھا۔