۔17076 نشستوں پر داخلے نہیں ہوسکے ۔ 5 کالجس میں صفر داخلے
حیدرآباد /26 جولائی (سیاست نیوز) ریاست میں نئے تعلیمی سال میں بھی انجنیئرنگ کالجس میں گزشتہ سال سے زیادہ نشستیں باقی رہ گئی ہیں ۔ گزشتہ سال 12264 نشستیں باقی رہ گئی تھیں ۔ اس مرتبہ جملہ 17076 نشستیں باقی رہ جانے کی اطلاعات ہیں ۔ گزشتہ سال کے مقابلہ میں اس سال 4812 زائد نشستیں باقی رہ گئی ہیں ۔ سرکاری ذرائع نے کہا کہ ریاست میں جملہ 190 انجنیئرنگ کالجوں میں کنوینر کوٹہ کے تحت جملہ 66058 نشستیں ہیں ۔ جن کے منجملہ /25 جولائی کو ختم ہونے والی کونسلنگ کے ذریعہ 48982 نشستیں ہی پر کی جاسکیں ۔ علاوہ ازیں ایم پی سی اسٹریم بی فارمیسی کورسس میں 3224 نشستوں کے منجملہ اب تک صرف 134 نشستیں پر ہوسکیں ۔ اس طرح 3040 نشستیں باقی رہ گئی ہیں ۔ بتایا جاتا ہے کہ انجنئیرنگ اور بی فارمیسی دونوں ملاکر جملہ 20612 نشستیں پر نہیں ہوسکیں ۔ گزشتہ سال زیرو اڈمیشن کی فہرست میں صرف ایک کالج تھا ۔ لیکن اس سال زیرو ایڈمیشن کالجوں کی تعداد پانچ ہوگئی ہیں ۔ گزشتہ سال 76 کالجوں میں صدفیصد داخلے ہوئے تھے ۔ اس مرتبہ صدفیصد داخلوں کے کالجوں کی تعداد صرف 45 ہے ۔