نئے ایل پی جی ڈسٹریبیوٹرس : تلگودیشم ایم پیز کی وزیر تیل سے نمائندگی

نئی دہلی 31 جولائی ( پی ٹی آئی ) تلگودیشم ایم پیز نے وزیر تیل دھرمیندر پردھان سے ملاقات کی اورالزام عائد کیا کہ آندھرا پردیش میں نئے ایل پی جی ڈسٹریبوٹرس کے تقررات میں وزارت پٹرولیم و قدرتی گیس رہنم خطوط کی خلاف ورزی کی گئی ہے ۔ انہوں نے وزیر تیل سے ان بدعنوانیوں کو ختم کرنے کا مطالبہ کیا ۔ یادداشت میں انہوں نے توجہ دہائی کروائی کہ آندھرا پردیش میں 499 نئے ایل پی جی ڈسٹریبیوٹرس کے تقررات کیلئے ایک اشتہار دیا گیا تھا ۔ انہوں نے ادعا کیا کہ یہ نامناسب ہے ۔ یادداشت میں کہا گیا ہے کہ مکمل آندھرا پردیش ایک مارکٹ ہے ۔ موجودہ اوسط ری فیل فروخت فی ڈسٹریبیوٹر 6600 ہے جو اعظم ترین حد سے کم ہے ۔ اس میں مزید 50 فیصد ڈسٹریبیوٹرس کا تقرر غیر واجبی لگتا ہے ۔ انہوں نے ادعا کیا کہ تیل کمپنیوں نے نئے تقررات کے معاملہ میں اعداد و شمار کا بھی الٹ پھیر کیا ہے ۔