نئے اضلاع کی تشکیل کے فیصلے کا خیر مقدم : دیویندر گوڑ

حیدرآباد  19جولائی ( سیاست نیوز ) سینئر تلنگانہ تلگودیشم قائد و رکن پارلیمان مسٹر ٹی دیویندر گوڑ نے تلنگانہ عوام کی سہولت و عوامی مفادات کے پیش نظر تلنگانہ میںنئے اضلاع کی تشکیل عمل میںلانے چیف منسٹر چندر شیکھر راو کے فیصلہ کا خیر مقدم کیا اور کہا کہ نئے اضلاع کی تشکیل کے عمل میں احتیاطی اقدامات و تدابیر اختیار کرنے کی ضرورت ہوگی ۔ دیویندر گوڑ نے کے چندر شیکھر راو کے نام موسومہ مکتوب میں مذکورہ اظہار خیال کیا اور انہیں مشورہ دیا کہ نئے اضلاع کی تشکیل کے سلسلہ میں ممتاز ماہرین پر مشتمل ایک اعلی سطحی کمیٹی تشکیل دیں ۔ انہو ںنے مکتوب میں اس بات پر زور دیا کہ عوامی منتخبہ نمائندوں کے ساتھ عوامی جذبات و احساسات کا پاس و لحاظ کرتے ہوئے تنازعات سے پاک اقدامات کئے جانے چاہئے۔مسٹر دیویندر گوڑ نے ریاست میں نئے اصلاع کا قیام عمل میں لائے جانے کو ناگزیر قرار دیتے ہوئے نئے اضلاع کی تشکیل کیلئے مدت کا تعین کر کے مقررہ مدت میں اس عمل کو مکمل کرنے کی تجویز بھی پیش کی ۔