چھوٹے اضلاع سے حکومت کے کام میں آسانی ہوگی : بی سمن ایم پی
حیدرآباد ۔ 3 ۔ اکٹوبر : ( این ایس ایس ) : پداپلی کے رکن پارلیمنٹ بی سمن نے کہا کہ نئے اضلاع کا قیام جمہوری انداز میں کیا جارہا ہے ۔ پیر کو دوسرے دن اضلاع کی تشکیل جدید پر چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کی جانب سے یہاں طلب کردہ جائزہ اجلاس میں شرکت کرنے کے بعد مخاطب کرتے ہوئے سمن نے کہا کہ چیف منسٹر کوئی بھی کام جمہوری انداز میں اور شفاف طور پر کرتے ہیں ۔ انہوں نے واضح طور پر کہا کہ چیف منسٹر نئے اضلاع شفاف اور جمہوری انداز میں بنا رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر پہلے عوامی نمائندوں کا اجلاس طلب کر رہے ہیں اور بعد میں کلکٹرس میٹنگ ، کابینی سب کمیٹی کا اجلاس اور آخر میں اضلاع کی تشکیل جدید پر ایک کل جماعتی اجلاس ، یہ یاد دلاتے ہوئے کہ چیف منسٹر نے عوام کو 30 دن کا وقت دیا ہے ۔ سمن نے الزام عائد کیا کہ کانگریس اور تلگو دیشم قائدین نے نئے اضلاع بنانے کے بارے میں نہیں سوچا ۔ انہوں نے اپوزیشن جماعتوں کے قائدین سے دریافت کیا کہ وہ یہ بتائیں کہ جب وہ اقتدار میں تھے تو نئے اضلاع تشکیل دینے کے بارے میں کیوں نہیں سوچا ۔ انہوں نے اس خیال کا اظہار کیا کہ اضلاع چھوٹے ہونے کی صورت میں حکومت کے کام میں آسانی ہوگی ۔۔