حیدرآباد۔/28ستمبر، ( سیاست نیوز) تلنگانہ میں نئے اضلاع کی تشکیل کیلئے 3252 نئی جائیدادوں پر تقررات کے سلسلہ میں حکومت کو ابتدائی رپورٹ موصول ہوئی ہے۔ چیف منسٹر کی ایڈیشنل پرنسپال سکریٹری شانتی کماری نے تمام محکمہ جات کے عہدیداروں کو ہدایت دی ہے کہ وہ نئے اضلاع کی تشکیل کے ہپلے دن سے ہی کام کاج شروع کردیں۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ دسہرہ کے موقع پر نئے ضلع سدی پیٹ میں کام کاج کا آغاز کریں گے۔ چیف سکریٹری کی ہدایت پر تمام ضلع کلکٹرس نے عوامی شکایات پر مشتمل رپورٹ حکومت کو روانہ کردی ہے۔ موجودہ اضلاع کے ساتھ نئے تشکیل پانے والے 17 اضلاع میں مختلف محکمہ جات اور ملازمین کی تقسیم کا عمل تقریباً مکمل ہوچکا ہے۔ نئے اضلاع ، نئے ڈیویژن، نئے منڈلس میں بنیادی سہولتوں کی فراہمی کو یقینی بنانے کی ہدایت دی گئی ہے۔ شانتا کماری نے آج سکریٹریٹ میں مختلف محکمہ جات کے اعلیٰ عہدیداروں کے ساتھ اجلاس طلب کیا اور اضلاع کی تنظیم جدید کا جائزہ لیا۔ انہوں نے نئے اضلاع اور منڈل میں خدمات انجام دینے والے ملازمین کی تعداد اور تقررات کے بارے میں تفصیلات طلب کی۔ ابتدائی رپورٹ کے مطابق 3252 نئی جائیدادوں پر تقررات کی ضرورت ہے۔ محکمہ مال اور محکمہ پولیس میں زیادہ مخلوعہ جائیدادیں ہیں۔