نئی ہوابازی پالیسی کا 15 مئی تک اعلان متوقع

نئی دہلی 9 اپریل ( سیاست ڈاٹ کام ) امکان ہے کہ مرکزی حکومت 15 مئی سے قبل اپنی نئی ہوابازی پالیسی کا اعلان کریگی جس میں چھ میٹرو ائرپورٹس کو بین الاقوامی مراکز بنانے کے علاوہ کئی اہم امور کو حل کرنے کی کوشش کی جائیگی ۔ امکان ہے کہ اس پالیسی میں ڈومیسٹک آپریٹرس کی جانب سے بیرون ملک پروازیں چلانے کے قوانین کا بھی احاطہ کیا جائیگا ۔ مرکزی وزیر شہری ہوابازی مہیش شرما نے اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ہم 15 مئی سے قبل نئی ہوابازی پالیسی کا اعلان کردینگے ۔ مرکزی حکومت نے گذشتہ نومبر میں اس پالیسی کا مسودہ تیار کرتے ہوئے تمام فریقین کو فراہم کیا تھا تاکہ ان کی تجاویز حاصل کی جاسکیں۔