نئی گاڑی رینالٹ لاڈجی مارکٹ میں فروخت کے لیے متعارف

رینالٹ انڈیا کمپنی کے عہدیداروں کی پریس کانفرنس
حیدرآباد ۔ 24 ۔ اپریل : ( سیاست نیوز) : ملک میں تیزی کے ساتھ ترقی پانے والے شعبہ آٹو موبائیل مینو فیکچررس میں سے ایک ’ رینالٹ انڈیا ‘ نے اپنی ایک نئی پراڈکٹ ( نئی گاڑی ) ’ رینالٹ لاڈجی ‘ کو مارکٹ میں فروخت کے لیے متعارف کیا اور اس توقع کا اظہار کیا گیا کہ ہندوستان بھر میں یہ نئی گاڑی کمپنی کی ترقی و توسیع میں انتہائی ممد و معاون ثابت ہوگی جب کہ اس نئی گاڑی کی ابتدائی قیمت 8.31 لاکھ ہے اور اعظم ترین قیمت 11.95 لاکھ روپئے مقرر کی گئی ہے ۔ مسٹر رفائیل ٹریگویر (Rafael Treguer) نائب صدر سیلس اینڈ مارکیٹنگ رینالٹ انڈیا نے اس گاڑی کو مارکٹ میں فروخت کے لیے آج متعارف کیا اور بعد ازاں اس نئی گاڑی کی خصوصیات سے اخباری نمائندوں کو واقف کروایا اور بتایا کہ ملک میں بہت تیزی کے ساتھ ترقی پانے والے ایم پی وی شعبہ میں رینالٹ داخل ہوا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ رینالٹ لاڈ جی 7مختلف اقسام میں دستیاب ہے ۔ نائب صدر رینالٹ انڈیا نے کہا کہ گذشتہ تین سال کے دوران بہت ہی تیزی کے ساتھ ترقی پانے والے آٹو موبائیل تیاری کرنے والوں میں رینالٹ نے بھی اپنی انفرادیت کو برقرار رکھا ہے بلکہ ملک بھر میں نمبر 1 یوروپین آٹو موبائیل برانڈ کی حیثیت سے اپنی مخصوص شناخت بنائی ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ رینالٹ لاڈجی کی کارکردگی و رفتار و آرام دہ سفر کے ساتھ ساتھ فیول ایفیسینسی اور کشادہ نشستیں اس کی اپنی ایک منفرد شناخت ظاہر کرے گی اور اس میں تمام تر عصری سہولتیں بھی فراہم ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ رینالٹ لاڈجی کی خصوصیت یہ بھی ہے کہ ایک لیٹر میں 21.04 کیلو میٹر مسافت طے کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے ۔ علاوہ ازیں رینالٹ لاڈجی کی تیاری میں سہولتوں کی فراہمی اور محفوظ سفر پر اولین ترجیح دیتے ہوئے اس گاڑی کی ڈیزائننگ کی گئی ہے جب کہ اس گاڑی کی آسان پارکنگ کے لیے رینالٹ لاڈجی میں رئیر پارکنگ سنسرس اور رئیر ویو کیمرہ گائیڈ لائینس کی سہولتیں فراہم کی گئی ہیں ۔ انہوں نے مزید بتایا کہ رینالٹ لاڈجی میں کئی ایک خوبیاں پائی جاتی ہیں ۔۔