نئی پولیس گاڑیوں کے ڈیزائن کو چیف منسٹر تلنگانہ کی منظوری

حیدرآباد 3 اگسٹ (آئی این این) ڈائرکٹر جنرل آف پولیس انوراگ شرما نے حیدرآباد پولیس پٹرولنگ اینڈ ٹریفک وہیکلس کے نئے ڈیزائنس کو آج صبح چیف منسٹر کے چندرشیکھر راؤ کو ان کی قیامگاہ واقع کیمپ آفس پر دکھایا۔ انووا ماڈل موٹر کاروں کے دو ڈیزائنس اور ایک موٹر بائیک کو چیف منسٹر کو دکھایا گیا۔ کے سی آر نے ان گاڑیوں کو تفصیلی طور پر دیکھا بشمول ڈیزائن پارٹ، سامنے اور پیچھے بیٹھنے کے ارینجمنٹس، ڈکی ڈیزائن، کلر، لوگو کا پلیسمنٹ، لیٹرس کا سائز سے متعلق چیف منسٹر نے اس موقع پر وہاں موجود کئی افراد کی رائے معلوم کرنے کے بعد ڈیزائنس کو منظوری دے دی۔ ان ڈیزائنس کی ستائش کرتے ہوئے چندرشیکھر راؤ نے چند تجاویز پیش کئے اور کچھ تبدیلیوں کا مشورہ دیا۔ جس میں سامنے کی طرف لیٹرنگ کے فانٹ سائز میں اضافہ، لوگو پلیسمنٹ میں قدرے ایڈجسٹمنٹ کے ساتھ موٹر سیکل سائیڈ باکس کی تبدیلی شامل ہیں۔ اس موقع پر ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی، ڈپٹی اسپیکر پدما دیویندر ریڈی، آئی جی (پرویژنل اینڈ لاجسٹکس) نوین چند، ایڈیشنل آئی جی پی بی شیوادھر ریڈی، ایس پی رمیش بھی موجود تھے۔