نئی وزارت ’ جل شکتی ‘ کا قیام

نئی دہلی 31 مئی ( سیاست ڈاٹ کام ) سابقہ وزارت آبی وسائل و پینے کے پانی و صفائی کو ضم کرتے ہوئے اب مرکزی حکومت نے ایک نئی وزارت ’ جل شکتی ‘ قائم کی ہے اور ا س کی ذمہ داری نئی کابینہ میں گجیندر سنگھ شیخاوت کو دی گئی ہے ۔ شیخاوت نے آج اپنی وزارت کا جائزہ بھی حاصل کرلیا ہے جبکہ کل ہی ان کی حلف برداری ہوئی تھی ۔ انتخابی مہم کے دوران وزیر اعظم نریندرمودی نے وعدہ کیا تھا کہ وہ پانی کے مسائل کو حل کرنے کیلئے وزارت کی تشکیل عمل میں لائیں گے ۔ مسٹر شیخاوت نے آج اپنی ذمہ داری سنبھالنے کے بعد کہا کہ پانی سے متعلق تمام کام اب ایک وزارت کے تحت آگئے ہیں ۔ یہ وزارت پانی سے متعلق بین الاقوامی اور بین ریاستی امور کی بھی نگران ہوگی اور کئی اہم کام اس کے تحت انجام دئے جائیں گے ۔