نئی نسل کو ملک کی آزادی میں مسلمانوں کی قربانیوں سے واقف کروانا ضروری

نئی دہلی ۔ 11 ۔ فروری : ( پریس نوٹ ) : قوم نے سابق صدر جمہوریہ ہند جناب فخر الدین علی احمد مرحوم کو آج ان کے 38 ویں یوم وفات پر بھر پور خراج عقیدت ادا کیا ۔ صدر جمہوریہ ہند جناب پرنب مکرجی اور نائب صدر ہند جناب محمد حامد انصاری کی جانب سے فوجی عہدیداروں نے مرحوم صدر ہند کی مزار پر پھول پیش کئے جب کہ مولانا پیر سید شبیر نقشبندی افتخاری نے دعائیہ اجتماع میں بارگاہ خداوندی میں مرحوم فخر الدین علی احمد کے لیے دعائیہ مغفرت کی اور ملک کی سلامتی و بقاء اور قوم کی ترقی ، آپسی اتحاد کے لیے دعا کی جس میں مرحوم صدر ہند کے فرزندان ڈاکٹر پرویز احمد جسٹس بدر احمد دہلی ہائی کورٹ کے علاوہ سعودی عرب کے سفارتخانہ میں متعینہ فرسٹ سکریٹری جناب خالد المکی کے علاوہ ڈاکٹر سید فاروق مینجنگ ڈائرکٹر ہمالیہ کمپنی اور ملک کے مختلف علاقوں کے مندوبین بھی شامل تھے ۔ قبل ازیں مرحوم صدر ہند کی مزار پر سبز رنگ کا غلاف اور چادر گل پیش کی گئیں ۔ ڈاکٹر پرویز احمد نے اس موقع پر اعلان کیا کہ جناب فخر الدین علی احمد کے ملی مشن کو جاری رکھتے ہوئے مسلم نوجوانوں کو سیول سرویس کے لیے تربیت فراہم کی جائے گی ۔ انہوں نے اس خصوص میں حیدرآباد میں آئی اے ایس اور آئی پی ایس کے امیدواروں کے لیے سنٹر کے قیام کا بھی اعلان کیا ۔ چنانچہ مرحوم صدر ہند کے فرزند ڈاکٹر پرویز تلنگانہ ریاست کا دورہ کریں گے ۔ مولانا پیر سید شبیر نقشبندی نے قومی ٹی وی دور درشن کو اس موقع پر دئیے گئے اپنے انٹرویو میں فخر الدین علی احمد میموریل کمیٹی کی گذشتہ 38 سالہ سرگرمیوں پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ دور حاضر میں ملک کے بدلتے ہوئے سیاسی ماحول میں نئی نسل کو اس ملک کی آزادی اور اس کے بعد مسلمانوں کی قربانیوں سے واقف کروانے کو ناگزیر قرار دیا تاکہ فرقہ پرست عناصر جو اس ملک پر ایک مخصوص مذہب کی حکمرانی کا نعرہ دیتے ہیں ان کو منہ توڑ جواب دیا جائے ۔ جناب سید مرتضی نقشبندی کی نگرانی میں دینی مدارس کے طلباء نے آیت قرآنی کی تلاوت کی اور آخر میں فاتحہ خوانی کی گئی ۔ جناب قاضی نجم الدین چیف کوآرڈینٹر نے انتظامات کی نگرانی کی ۔۔