نئی نسل کو تعلیمی مواقع سے استفادہ کا مشورہ ، بہترین کیرئیر بنانے کا موقع

عذرا مسعود ٹرسٹ کے اسکالر شپس کی تقسیم ، جناب زاہد علی خاں ایڈیٹر سیاست کا خطاب
حیدرآباد ۔ 29 ۔ فروری : ( سیاست نیوز) : آج کے اس نفسا نفسی کے دور میں قوم کے لیے سوچنا اور قوم کے بچوں کی مدد کرنا نہ صرف قابل ستائش بلکہ لائق صد ستائش ہے ۔ اس ضمن میں عذرا مسعود ایجوکیشنل چیرٹیبل ٹرسٹ جو ہر سال اسکالر شپ دے رہا ہے وہ لائق تحسین اقدام ہے اور جب کہ مسلم سماج میں مالدار لوگ زکواۃ نکالنے کے لیے پس و پیش کررہے ہیں ایسے حالات میں اسکالر شپ دینا مستحسن اقدام ہے ۔ ان خیالات کا اظہار جناب زاہد علی خاں ایڈیٹر سیاست نے یہاں محبوب حسین جگر ہال احاطہ سیاست میں عذرا مسعود ٹرسٹ کے اسکالر شپس کی تقسیم کرتے ہوئے کیا اور کہا کہ جو طالب علم یہ اسکالر شپ حاصل کررہے ہیں وہ اس کا استعمال تعلیم کے حصول کے لیے کریں ۔ اپنے مستقبل کو تابناک بنائیں ۔ مسلمانوں کے تعلیمی ، معاشی اور سماجی حالات میں ماضی کے مقابلہ سدھار آیا ہے اور نئی نسل کو جو مواقع مل رہے ہیں ان سے بھر پور استفادہ کرنا چاہئے تعلیمی میدان میں مسلمان لڑکیاں آگے ہیں لڑکوں کو بھی آگے بڑھانا چاہئے ۔ انجینئرس اور ڈاکٹرس کے بجائے کئی پیشہ ورانہ کورسز ہیں جن کے ذریعہ شاندار کیرئیر بنایا جاسکتا ہے ۔ اس ضمن میں سیاست کیرئیر گائیڈنس سے طلبہ کو رجوع ہونے کا مشورہ دیا ۔ ابتداء میں جناب میر شجاعت علی مسعود چیرمین ٹرسٹ نے خیر مقدم کیا اور مہمانان کی شال پوشی کی اور گلدستہ پیش کیا ۔ جناب نور الحق قادری ایڈوکیٹ نے علم کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ اسکالر شپ دینے والے اور لینے والے دونوں مبارک بادی کے مستحق ہیں ۔ جناب شجاعت علی مسعود نے سیاست تحریک سے متاثر ہو کر اس اسکالر شپ اسکیم کے شروع کرنے کا حوالہ دیا ۔ مولانا سید حیدر پاشاہ قادری حسینی نے دعا کی ۔ عبدالستار مجاہد جنرل سکریٹری مسلم لیگ تلنگانہ اسٹیٹ ، اور احمد بشیر الدین فاروقی نے اعزازی مہمانان کی حیثیت سے شرکت کی ۔ ایم اے حمید کیرئیر کونسلر نے نظامت کے فرائض انجام دئیے ۔ محمد یونس ٹرسٹی نے معاونت کی ۔ اس موقع پر زائد از 140 طلباء وطالبات کو دو لاکھ روپئے رقم کی اسکالر شپ دی گئی ۔ حافظ صابر پاشاہ قادری نے تہنیت پیش کی ۔ آخر میں ایم اے حمید نے شکریہ ادا کیا ۔۔