حیدرآباد۔/26فبروری، ( پی ٹی آئی) آندھرا پردیش کے نگرانکار چیف منسٹر این کرن کمار ریڈی نے اپنے مستقبل کے لائحہ عمل پر مشاورتوں کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے آج یہاں سیما آندھرا سے تعلق رکھنے والے طلباء و نوجوانوں سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ آندھرا پردیش کی تقسیم کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے کرن کمار ریڈی نے 19فبروری کو چیف منسٹر کے عہدہ اور کانگریس کی رکنیت سے استعفی دے دیا تھا،انہوں نے اپنی سیاسی جماعت کے قیام کے امکانات پر کانگریس سے خارج شدہ 6 ارکان پارلیمنٹ کے علاوہ چند وزراء، ارکان اسمبلی و کونسل سے مشاورتوں کا سلسلہ جاری رکھا ہے۔کرن کے حامی رکن لوک سبھا سبم ہری نے گذشتہ روز کہا تھا کہ آندھرا پردیش میں نئی حکومت کے قیام کیلئے دہلی میں جاری کوششوں سے کرن کمار ریڈی کے منصوبوں پر اثر ہوگا۔ اے آئی سی سی کے جنرل سکریٹری ڈگ وجئے سنگھ نے جو آندھرا پردیش میں کانگریس کے تنظیمی اُمور کے انچارج بھی ہیں‘ ریاست میں صدر راج کے نفاذ یا نئی حکومت کے قیام کے مسئلہ پر وزراء، ارکان اسمبلی اور سینئر قائدین سے تبادلہ خیال کیا۔