نئی ریاست تلنگانہ کی ترقی کیلئے نیک خواہشات کا اظہار

متوقع چیف منسٹر کے سی آر سے مختلف محکمہ جات کے ملازمین کی ملاقات

حیدرآباد 25 مئی (سیاست نیوز) صدر تلنگانہ راشٹرا سمیتی و منتخب چیف منسٹر تلنگانہ مسٹر کے چندرشیکھر راؤ سے آج مختلف محکمہ جات سے تعلق رکھنے والے ملازمین نے ملاقات کرتے ہوئے ریاست کی ترقی کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور مسٹر کے چندرشیکھر راؤ کو مبارکباد دی۔ محکمہ محابس کے ملازمین نے کے سی آر سے ملاقات کے دوران اپنی ایک یوم کی تنخواہ چیف منسٹر ریلیف فنڈ میں دینے کا اعلان کیا۔ اِسی طرح محکمہ مال کے ملازمین بالخصوص تحصیلداروں کی انجمن نے 10 لاکھ روپئے اور وی آر اوز کی اسوسی ایشن نے 50 لاکھ روپئے چیف منسٹر ریلیف فنڈ میں بطور عطیہ دینے کا اعلان کیا ہے۔ اِس موقع پر ٹی آر ایس سربراہ نے ملازمین سے بات چیت کے دوران کہاکہ جب تک حکومت اور ملازمین کے درمیان دوستانہ تعلقات قائم کرتے ہوئے تال میل کے ذریعہ کام انجام نہیں دیئے جاتے اُس وقت تک کوئی حکومت یا دفتری اُمور بہتر خدمات انجام دینے کا دعویٰ نہیں کرسکتے۔ اُنھوں نے ملازمین کو مشورہ دیا کہ وہ حکومت کے ساتھ تعاون کریں اور حکومت اُن کے ساتھ بہتر سے بہتر انداز میں تعاون کرتے ہوئے ریاست کی ترقی کو یقینی بنانے کے عہد کی پابند ہے۔ مسٹر کے چندرشیکھر راؤ نے بتایا کہ حکومت کی جانب سے سیاسی بدعنوانیوں اور بے قاعدگیوں کے خاتمہ کے لئے قابل عمل منصوبہ تیار کیا گیا ہے جس کے مثبت اثرات آئندہ چند ماہ میں نظر آنے لگیں گے۔ اُنھوں نے بتایا کہ بہتر حکمرانی کے لئے یہ ضروری ہے کہ ملازمین حکومت سے تعاون کرتے ہوئے عوام کے مسائل کو حل کرنے کی کوشش کریں اور حکومت کو بہتر کارکردگی کی انجام دہی کے لئے تجاویز پیش کریں۔ اِس موقع پر رکن اسمبلی سرسلہ مسٹر کے ٹی راما راؤ کے علاوہ مسٹر ای راجندر اور دیگر ٹی آر ایس قائدین موجود تھے۔