کانگریس شکست کے خوف سے بوکھلاہٹ کا شکار ، ٹی ہریش راؤ
حیدرآباد۔/28مارچ، ( سیاست نیوز) ٹی آر ایس کے رکن اسمبلی ہریش راؤ نے کہا کہ نئی ریاست کی آئندہ حکومت ٹی آر ایس کی ہوگی اور ٹی آر ایس علاقہ کی پسماندگی کے خاتمہ اور سنہری تلنگانہ ریاست کی تشکیل سے متعلق اپنے وعدوں کی تکمیل کرے گی۔ اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ہریش راؤ نے کہا کہ آئندہ انتخابات میں ٹی آر ایس نے تنہا مقابلہ کا فیصلہ کیا ہے جس سے کانگریس قائدین شکست کے خوف کے تحت بوکھلاہٹ کا شکار ہیں۔ انہوں نے کہاکہ شکست کے اندیشہ کے تحت کانگریس پارٹی ٹی آر ایس سے انتخابی مفاہمت کی کوشش کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس قائدین نے پہلے اعلان کیا تھا کہ وہ ٹی آر ایس سے کوئی مفاہمت نہیں کریں گے لیکن اب اچانک دوبارہ مفاہمت کی کوششیں کی جارہی ہیں۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ مجوزہ انتخابات میں اسمبلی و لوک سبھا کی تمام نشستوں پر ٹی آر ایس امیدواروں کو کامیاب بنائیں۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ کانگریس اور تلگودیشم، ٹی آر ایس سے خوفزدہ ہوکر تشکیل تلنگانہ کے سلسلہ میں اپنی دعویداری پیش کررہے ہیں۔ انہوں نے سنگاریڈی کے کانگریس رکن اسمبلی جگا ریڈی کے مخالف ٹی آر ایس بیانات پر سخت تنقید کی۔ انہوں نے کہا کہ جگا ریڈی عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔ ہریش راؤ نے کہا کہ آئندہ انتخابات میں سنگاریڈی کے عوام مخالف تلنگانہ قائدین کو سبق سکھائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر کی مضبوط قیادت میں ٹی آر ایس حکومت تشکیل دے گی اور عوام سے کئے گئے وعدوں کو پورا کیا جائے گا۔ ہریش راؤ نے کہا کہ 2جون کو نئی ریاست تلنگانہ کے قیام کے بعد عوام کا راج ہوگا اور آندھرائی جماعتوں کو عوام مسترد کردیں گے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ ریاست میں عوامی نمائندے عوامی خدمت گذار کی حیثیت سے کام کریں گے اور عوام کی مرضی کے مطابق ہی فیصلے کئے جائیں گے۔