نئی ریاست آندھراپردیش کیلئے ضلع پرکاشم کا شہر اونگول صدر مقام

حیدرآباد 19 فروری (سیاست نیوز) مرکزی حکومت نے نئی ریاست آندھراپردیش کے صدر مقام کے طور پر ضلع پرکاشم کے شہر اونگول کو ترقی دینے کا منصوبہ تیار کرلیا ہے؟ موجودہ ریاست آندھراپردیش کی تقسیم اب جبکہ یقینی ہے اور دونوں ریاستوں کے مشترکہ صدر مقام کے طور پر حیدرآباد کو 10 سال تک برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے لیکن اندرون 45 یوم آندھراپردیش کے نئے صدر مقام کا اعلان متوقع ہے۔ مرکزی حکومت نے اونگول میں گرین فیلڈ ایرپورٹ کی تعمیر کو منظوری دیتے ہوئے یہ اشارہ دیا ہے کہ نئی ریاست آندھراپردیش کا صدر مقام ضلع پرکاشم میں ہوسکتا ہے۔ علاوہ ازیں تقسیم کے بعد آندھراپردیش کے حدود کا جائزہ لینے پر بھی اس علاقہ کو رقبہ و مسافت کے اعتبار سے موزوں تصور کیا جارہا ہے۔ چونکہ سیما ۔ آندھرا علاقوں کے تقریباً وسط میں ساحلی آندھرا کا یہ ضلع ہے جہاں پر ریل مسافت کی سہولت موجود ہے

اور اب تو مرکزی وزارت شہری ہوا بازی نے اس شہر ’’اونگول‘‘ میں گرین فیلڈ ایرپورٹ کو بھی منظوری دے دی ہے۔ شہری ہوا بازی کی جانب سے مملکتی وزیر شہری ہوا بازی مسٹر کے سی وینو گوپال نے راجیہ سبھا میں یہ بیان دیا کہ اونگول میں گرین فیلڈ ایرپورٹ کو درکار جگہ کی نشاندہی اور جائیداد کو کلیئرنس دے دیا گیا ہے۔ جوکہ پرکاشم ایرپورٹ پرائیوٹ لمیٹیڈ کو دی جائے گی۔ گزشتہ میں بھی جب ریاست کی تقسیم کی صورت میں آندھراپردیش کے نئے صدر مقام کا ماہرین نے تعین کرنے کے لئے جائزہ لیا تو اس وقت بھی ایک خفیہ رپورٹ میں حکومت کو مشورہ دیا گیا کہ حکومت اونگول میں نیا صدر مقام ترقی و تعمیر کرے۔ چونکہ ضلع پرکاشم بالخصوص اونگول کے اطراف و اکناف میں ہزاروں ایکر سرکاری اراضیات موجود ہیں اور اس علاقہ میں دیگر بنیادی سہولتیں بھی موجود ہیں جبکہ دوسری جانب ضلع گنٹور ہے۔ اس سے متصل محبوب نگر کی سرحد کا کچھ حصہ بھی ضلع پرکاشم کی سرحد سے جڑا ہوا ہے۔ اسی طرح ایک جانب رائلسیما کا ضلع کرنول کی سرحد بھی پرکاشم سے منسلک ہے اور اس خطہ کا ضلع کڑپہ کی سرحد کا بھی کچھ حصہ ضلع پرکاشم سے جڑا ہوا ہے۔ اسی طرح ساحلی آندھرا کا ایک ضلع نیلور بھی اس مجوزہ صدر مقام کی سرحد سے جڑا ہوا ہے۔ ضلع پرکاشم کی مجموعی ترقی کے متعلق ماہرین کا تصور ہے کہ اسی ضلع کی صدر مقام کی حیثیت سے ترقی آسان ہے۔

چونکہ اس ضلع میں حصول اراضیات وغیرہ کے لئے اُمور کی تکمیل کے لئے وقت نہیں لگے گا جس کی بنیادی وجہ ضلع میں موجود سرکاری اراضیات ہیں۔ رقبہ کے اعتبار سے ضلع پرکاشم 17 ہزار 625 مربع کیلو میٹر پر محیط ہے اور اس ضلع کی 15.28 فیصد آبادی شہری ہے۔ حکومت نے 2 فروری 1970 ء میں ضلع گنٹور، نیلور اور کرنول کی ازسرنو حد بندی کے دوران اس ضلع کی تشکیل عمل میں لائی تھی جوکہ 12 مئی 1972 ء کو آندھرا کیسری ٹی پرکاشم کے نام سے موسوم کیا گیا۔ اونگول شہری و بلدی اُمور کی انجام دہی کے لئے اونگول میں میونسپل کارپوریشن موجود ہے۔ ریل کی سہولت والے اس شہر میں اب حکومت کی جانب سے گرین فیلڈ ایرپورٹ کو دی گئی منظوری سے اس بات کے اشارے مل رہے ہیں کہ مرکزی حکومت نئی ریاست آندھراپردیش کے صدر مقام کے لئے اونگول کو ہی ترجیح دے رہی ہے۔