نئی دہلی کی 71 فلک بوس عمارتیں عوام کیلئے بند

نئی دہلی ۔ 21 ۔ جنوری (سیاست ڈاٹ کام) جاریہ سال کی یوم جمہوریہ پریڈ کیلئے راج پتھ کے قریب واقع 71 فلک بوس عمارتیں صیانتی محکموں نے جزوی یا مکمل طور پر بند کردی ہیں۔ صدر امریکہ بارک اوباما یوم جمہوریہ تقریب کے مہمان خصوصی ہیں ۔ قبل ازیں صرف 45 عمارتیں بند کی گئی تھیں۔ اس بار نشستوں کی تعداد میں اضافہ کردیا گیا ہے اور اسی مناسبت سے پاس جاری کئے گئے ہے۔ قبل ازیں 300 افراد کو ہر دستیاب 100 نشستوں کیلئے پاس جاری کئے گئے تھے ۔ امید کی جارہی تھی کہ ہر تین افراد میں سے صرف ایک تقریب میں شرکت کرے گا لیکن ہجوم ہوجانے کے پیش نظر اس بار ہر سو دستیاب نشستوں کیلئے صرف 125 پاس جاری کئے گئے ہیں۔

پولیس کے بموجب 71 فلک بوس عمارتوں کو جزوی یا مکمل طور پر بند کردیا گیا ہے۔ قبل ازیں صرف 45 عمارتوں کو بند کیا جاتا تھا جہاں سے راج پتھ پوری طرح نظر آتا تھا۔ پولیس نے 25 جنوری دوپہر 2 بجے سے ان عمارتوں کا قبضہ لے لیا ہے اور گوشہ گوشہ کی تلاشی لی گئی ہے۔ عمارتوں کی چھتوں پر نشانہ باز مقرر کئے گئے ہیں۔ تمام کمروں کی تلاشی لینے کے بعد انہیں مہربند کردیا جائے گا۔ 40,000 صیانتی عملہ تعینات کیا گیا ہے جو گزشتہ کی بہ نسبت 18,000 زیادہ ہے۔ راج پتھ پر 160 سی سی ٹی وی کیمرے نصب کئے گئے ہیں۔ ہر 18 میٹر پر ایک کیمرہ موجود ہے۔ دہلی پولیس نے چہروں کی شناخت کے 80 کیمرے نصب کئے ہیں تاکہ قوم دشمن یا مجرمانہ عناصر داخل نہ ہوسکیں۔ صدر جمہوریہ پرنب مکرجی، وزیراعظم نریندر مودی اور دیگر کئی اہم شخصیات کی تقریب میں شرکت کے پیش نظر احتیاطی انتظامات میں شرکت پیدا کی گئی ہے۔

لکھنو سے موصولہ اطلاع کے بموجب صدر امریکہ بارک اوباما کے 27 جنوری کو دورہ آگرہ کے پیش نظر حفاظتی انتظامات میں شدت پیدا کردی گئی ہے ۔ بنیادی سطح کی تیاریاں مجوزہ دورہ کیلئے شروع کردی گئی ہیں۔ انسپکٹر جنرل نے کہا کہ آگرہ انتظامیہ سے طلب کیا ہوا عملہ فراہم کرنے کی امید ہے۔ جہاں کہیں ضروری ہو مرکزی فورس تعینات کی جارہی ہے۔ وزارت داخلہ سے مراسلت کی گئی ہے، مقامی انتظامیہ نے 10 ایس پی ، 12 اے ایس پی ، 24 ڈی ایس پی ، سی پی ایم ایف کی 10 کمپنیاں ، پی اے سی کی 12 اور سیلاب ڈیویژن کی ایک کمپنی طلب کی گئی ہے۔ انٹلیجنس بیورو نے امکانی خطرہ کے پیش نظر تفصیلی معلومات میں مقامی پولیس کو شریک کیا ہے۔ حکومت یو پی نے ریاستی پولیس کو صیانتی انتظامات میں مدد کیلئے ہیلی کاپٹر حاصل کرنے کی اجازت دی ہے۔ ریاستی حکومت نے پولیس کو آئندہ 11 دن کیلئے پون ہیلی کاپٹر حاصل کرنے کی اجازت دیدی ہے۔