نئی دہلی میں یو پی ایس سی طلباء کا احتجاجی مظاہرہ

نئی دہلی 27 جون (سیاست ڈاٹ کام) یونین پبلک سرویس کمیشن (UPSC) کے ذریعہ اپنا کیرئیر بنانے کے خواہاں نوجوانوں نے شمالی دہلی کے سیول لائنز علاقہ ایک احتجاج منظم کیا۔ جہاں اُن کا مطالبہ کیاتھا کہ یو پی ایس سی امتحان کے دوران سیول سرویسس اپٹیٹیوڈ ٹسٹ کو برخاست کردیا جائے۔ احتجاج کی وجہ سے چار میٹرو اسٹیشنوں کو بند کرنا پڑا۔ دریں اثناء ڈی ایم آر سی ترجمان نے بتایا کہ احتجاجیوں کے راج گھاٹ اور ریس کورس روڈ پر واقع وزیراعظم کی رہائش گاہ پہنچنے کے اندیشوں کو مدنظر رکھتے ہوئے پولیس نے دہلی میٹرو ریل کارپوریشن (ڈی ایم آر سی) کو ہدایت کی کہ وہ چار اسٹیشنوں پر مسافروں کے داخلے اور روانگی پر امتناع عائد کردے۔

جن کے نام پٹیل چوک سنٹرل سکریٹریٹ، ریس کورس اور ادیوگ بھون ہیں جہاں 11.15 بجے دن سے آخری احکامات ملنے تک داخلہ اور روانگی پر امتناع عائد کیا گیا تھا۔ پولیس نے بھی اس بات کی توثیق کی کہ احتجاجی پہلے راج گھاٹ اور اُس کے بعد ریس کورس روڈ جانے کا منصوبہ بنارہے تھے۔ یاد رہے کہ گزشتہ ہفتہ بھی یو پی ایس سی کے طلباء نے مرکزی وزیرداخلہ راجناتھ سنگھ کی رہائش گاہ کے روبرو احتجاج منظم کرتے ہوئے مطالبہ کیا تھا کہیو پی ایس سی امتحان میں شرکت کے لئے امیدواروں کی عمر میں مزید 4 سال کی توسیع کی جائے۔